ری پبلکن جیتے تو ہر بالغ امریکی کو 5 ہزار ڈالر ملیں گے، ٹرمپ کا بڑا اعلان

جمعرات 10 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن پارٹی کے مڈٹرم کنونشن میں ووٹرز کو ایسا غیر معمولی مالی وعدہ کردیا جس نے تقریب میں موجود ہزاروں افراد کی توجہ حاصل کرلی۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ری پبلکن پارٹی ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے میں کامیاب رہی تو وہ ہر بالغ امریکی شہری کو 5 ہزار ڈالر کا نقد منافع دیں گے۔

فوکس نیوز کے مطابق ٹرمپ نے ڈلاس میں ری پبلکن پارٹی کے پہلے مڈٹرم کنونشن کے افتتاحی روز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس رقم کو ’ٹرمپ ڈیویڈنڈ‘ کا نام دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ادائیگی کسی کامیاب کمپنی کی جانب سے اپنے حصص یافتگان میں نقد منافع تقسیم کرنے کے مترادف ہوگی۔

ٹرمپ نے ری پبلکن ووٹرز پر زور دیا کہ نومبر کے عام انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مڈٹرم انتخابات میں عام طور پر برسراقتدار صدر کی جماعت کانگریس میں اپنی اکثریت برقرار نہیں رکھ پاتی، تاہم اس روایت کو تبدیل کرنا ہوگا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے ٹیکسوں میں بڑی کمی سمیت کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق ٹپس، اوور ٹائم اور بزرگ شہریوں کی سوشل سیکیورٹی آمدن پر ٹیکس میں ریلیف دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نیو امریکا؟ ٹرمپ کی نیو میکسیکو کا نام بدلنے کی تجویز پر تنازع

ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ری پبلکن پارٹی کانگریس کے کسی ایک یا دونوں ایوانوں میں اکثریت کھو دیتی ہے تو ان کی حکومت کی پالیسیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے معیشت، سرحدی سلامتی اور ٹیکسوں میں کمی کو بھی انتخابی مہم کے اہم نکات قرار دیا۔

فوکس نیوز کے مطابق ٹرمپ کو معیشت، مہنگائی اور روزمرہ اخراجات سے متعلق ووٹرز کی تنقید کا بھی سامنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp