فلپائن میں سیاحوں کے مشہور علاقے پالاون کے قریب سمندر میں مسافر فیری میں خوفناک آتشزدگی کے بعد کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 87 لاپتا ہوگئے۔ حادثے کے وقت فیری میں عملے اور مسافروں سمیت 134 افراد سوار تھے۔
الجزیرہ کے مطابق فلپائن کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ’ایم وی جون ایسٹر‘ نامی فیری میں بدھ کی شام آگ لگی، جب جہاز پالاون کے ساحل سے تقریباً 2.2 کلومیٹر دور تھا۔ آگ لگنے کے بعد فیری سمندر میں ڈوب گئی جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
Video from the Philippine Coast Guard shows a ferry was engulfed in flames near Palawan, a popular tourist destination in the Philippines.
At least five people have died and 87 remain unaccounted for, while more than 40 people were rescued. pic.twitter.com/BOkvvEMICD
— Al Jazeera English (@AJEnglish) September 10, 2026
کوسٹ گارڈ کیپٹن نومی کایابیاب نے مقامی ریڈیو کو بتایا کہ اب تک 42 افراد کو بچایا جاچکا ہے، جن میں 38 مسافر اور عملے کے 4 ارکان شامل ہیں۔ ان کے مطابق دستیاب معلومات کی بنیاد پر 87 افراد تاحال لاپتا ہیں، تاہم تلاش اور امدادی کارروائی جاری رہنے کے باعث یہ تعداد تبدیل ہوسکتی ہے۔
کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری ویڈیو میں فیری کا بڑا حصہ شعلوں میں گھرا ہوا دکھائی دیا۔ حکام کے مطابق آگ بجھانے کی کوششیں بھی جاری رہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بدھ کی رات تک 43 افراد کو بچایا جاچکا تھا۔ فیری منیلا سے روانہ ہوئی تھی اور پالاون کے علاقے کورون کے قریب پہنچنے پر اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
یہ بھی پڑھیں:لیا سالونگا ہالی ووڈ واک آف فیم پر ستارہ حاصل کرنے والی پہلی فلپائنی اداکارہ بن گئیں
حکام نے فی الحال آتشزدگی کی ممکنہ وجہ نہیں بتائی۔ فلپائن 7 ہزار سے زائد جزیروں پر مشتمل ملک ہے جہاں مون سون بارشوں اور سمندری طوفانوں کے باعث سمندری سفر کو اکثر خطرات کا سامنا رہتا ہے۔
ماضی کے حادثات میں کشتیوں کی ناقص دیکھ بھال، گنجائش سے زیادہ مسافروں کی موجودگی اور حفاظتی قوانین پر کمزور عمل درآمد کو بھی اہم عوامل قرار دیا جاتا رہا ہے۔














