کاسمیٹک سرجری کے دوران 27 سالہ معروف انفلوئنسر اولیویا اوراس انتقال کر گئیں

جمعرات 10 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فن لینڈ کی معروف 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر اولیویا اوراس کاسمیٹک سرجری کے ایک طریقہ کار کے دوران پراسرار طور پر جان کی بازی ہار گئیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے کلینک انتظامیہ کے خلاف مبینہ غفلت اور مجرمانہ کارروائی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، اولیویا اوراس شہر ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک سرجری کے لیے موجود تھیں، جہاں کاسمیٹک سرجری کا عمل شروع ہونے سے قبل بے ہوشی (انستھیزیا) کی دوا دیے جانے کے دوران وہ اچانک بے ہوش ہو گئیں۔ انہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

یہ بھی پڑھیے میکسیکو کی معروف بیوٹی انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کے دوران دم توڑ گئیں

اولیویا کے والد ریجو اوراس اور والدہ جوہانا اوراس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی کو بے ہوشی کے انجیکشن کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران وہ دم توڑ گئیں۔ والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بیوٹی کلینک کے عملے کی سنگین غلطی یا غفلت اس المناک واقعے کا سبب بنی۔

ہیلسنکی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اولیویا کی موت کے 3 روز بعد واقعے کی باقاعدہ شکایت اور تحقیقاتی درخواست موصول ہوئی، جس کی روشنی میں معاملے میں کسی ممکنہ جرم کی زاویے سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاہم پولیس کے مطابق تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔

واضح رہے کہ اولیویا اوراس نے محض 14 برس کی عمر میں انسٹاگرام سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں فالوورز حاصل کر کے بطور انفلوئنسر شہرت حاصل کی۔ 2016ء میں ان کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم ’دی پرفیکٹ سیلفی‘ نے انہیں مزید مقبولیت بخشی، جس میں سوشل میڈیا کے ساتھ ان کے ڈیڑھ سالہ تعلق کی عکاسی کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے لائیو اسٹریمنگ کے دوران چینی انفلوئنسر کا بیوٹی فلٹر فیل، 1 لاکھ 40 ہزار فالوورز کم ہوگئے

بعد ازاں، انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کر کے 2017ء میں ایمسٹرڈیم سکونت اختیار کر لی تھی۔ فن لینڈ واپسی پر وہ نیند کی گولیوں اور الکحل کی عادت کا شکار ہو گئی تھیں، تاہم انہوں نے باقاعدہ علاج کرا کر اپنی زندگی کو دوبارہ معمول پر لانے میں کامیابی حاصل کر لی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp