اسلام آباد پولیس کے تھانہ انڈسٹریل ایریا نے کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر ملکی شہری سے اسلحے کے زور پر کروڑوں روپے چھیننے والے 2 ملزمان کو 36 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس نے ’ڈرائیور لیس‘ کار پولیس وین سے ٹکرانے والے نوجوان کو ملک کا مستقبل قرار دیدیا
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی ہدایت پر ایس پی انڈسٹریل ایریا زون ڈاکٹر ایاز حسین کی زیرِ نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے جدید تکنیکی اور سائنسی وسائل کا استعمال کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا۔
ملزمان کی شناخت عاقب اور طلعت کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیر ملکی شہری سے چھینی گئی 2 کروڑ 60 لاکھ روپے کی رقم، واردات میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور اسلحہ مع ایمونیشن برآمد کر لیا گیا ہے۔
ایس پی ڈاکٹر ایاز حسین کے مطابق گرفتار ملزمان ضلع اٹک میں بھی ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔
ایس پی انڈسٹریل ایریا زون ڈاکٹر ایاز حسین نے کہا کہ شہریوں اور بالخصوص غیر ملکی باشندوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ غیر ملکیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
مزید پڑھیے: اسلام آباد پولیس کے سابق ایس پی کو سزائے موت سنا دی گئی
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے اہم کامیابی اور موثر کارروائی پر ایس پی انڈسٹریل ایریا زون، ایس ایچ او تھانہ انڈسٹریل ایریا اور تفتیشی ٹیم کو شاباش دی۔














