پنجاب میں کرسچن میرج ایکٹ میں کون سی ترامیم لانے کا فیصلہ کیا گیا؟

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پنجاب نے مسیحی برادری کے خاندانی قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کرسچن میرج ایکٹ میں ترمیم اور آن لائن میرج رجسٹریشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں کرسچن میرج ایکٹ میں مجوزہ ترامیم، ذیلی کمیٹی کی تیار کردہ سفارشات اور مسیحی پرسنل لا کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق بنانے کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان ترامیم کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

کمیٹی نے مسیحی برادری کی شادیوں کے لیے ایک جدید آن لائن رجسٹریشن سسٹم متعارف کرانے کا بھی اہم فیصلہ کیا۔ اس ڈیجیٹل نظام کے تحت تمام مسیحی شادیوں کا ریکارڈ برقی طور پر (ڈیجیٹلی) محفوظ رکھا جائے گا۔ اس کا بنیادی مقصد خاندانی امور میں شفافیت لانا، نچلی سطح پر بے قاعدگیوں کو ختم کرنا اور خاندانی ریکارڈ کو بہتر قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

علاوہ ازیں، اجلاس میں ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کی جیلوں میں قید اقلیتی مذاہب سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے لیے مذہبی تعلیم اور امتحانات میں سہولت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا تاکہ وہ اپنی مذہبی تعلیمات کے مطابق خود کو آراستہ کر سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp