پیرا گلائیڈنگ کا شوق جان لے گیا، چترال میں لاپتا شخص کی لاش مل گئی

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں پرواز کے دوران لاپتا ہونے والے پیرا گلائیڈر کی لاش ریسکیو اہلکاروں نے برآمد کر لی ہے۔ وہ گزشتہ روز سے لاپتا تھا۔

ریسکیو اپر چترال کے مطابق جمعرات کے روز اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پیرا گلائیڈر نے زیانی پاس سے ٹیک آف کیا تھا اور بونی قاقلشٹ کے مقام پر لینڈنگ کی بجائے لوئر چترال کا رخ کیا۔ جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے مطابق اطلاع ملتے ہی گزشتہ روز ہی سے تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول کی شناخت آصف محمود کے نام سے ہوئی جو اسلام آباد کا رہائشی تھا اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ پیرا گلائیڈنگ کے لیے اپر چترال آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:چترال گول نیشنل پارک میں تعمیراتی سامان لے جانے کی کوشش، گیٹ توڑ دیا گیا

جمعے کے روز ریسکیو اپر چترال نے آصف محمود کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کی لاش پہاڑیوں سے ملی ہے۔ گزشتہ روز اپر چترال زیانی پاس سے اُڑ کر لاپتا ہونے والے پیرا گلائیڈر کی ڈیڈ باڈی کو ریسکیو کی ٹیم نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے اپر چترال کی وادی اویر کی چراگاہ سے ریکور کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پیرا گلائیڈر اپر چترال سے لوئر چترال کی طرف نکل گیا تھا اور اویر گاؤں کی چراگاہ میں گر گیا تھا۔ تلاش کے دوران لاش کی نشاندہی ہوئی۔

ریسکیو نے بتایا کہ لاش کو ٹی ایچ کیو اسپتال بونی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اپر چترال پیرا گلائیڈنگ کے لیے مشہور ہے اور ملک بھر سے پیرا گلائیڈر یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp