پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ کی باکسنگ پر مبنی فلم ’پنچ‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں اُشنا شاہ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ اس کے ساتھ ہی انتھالوجی فلم ’شیروز‘ کی تینوں الگ الگ کہانیوں کی رونمائی بھی مکمل ہوگئی۔
فلم کی پہلی جھلک میں اُشنا شاہ ایک ایسی باکسر کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی جو ان لوگوں کو غلط ثابت کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، جنہیں ان کی صلاحیتوں پر شک تھا۔
ٹیزر میں اُشنا شاہ کو ایک اہم مقابلے کی تیاری کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس میں خاندان کی جانب سے ملنے والی حمایت بھی کہانی کا حصہ ہے۔
’پنچ‘ کے مصنف محسن علی اور ہدایت کار بدر محمود ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں اُشنا شاہ کے علاوہ گوہر رشید، ایم احتشام الدین، پروین اکبر اور کونین شاہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے لباس اور ٹانگیں دکھانے پر شوہر کو اعتراض نہیں تو پاکستانیوں کو کیوں؟ اشنا شاہ
’شیروز‘ کی دوسری کہانی ’آرٹسٹ‘ ہے، جس میں کنزہ ہاشمی آرٹ فراڈ اور جعلی فن پاروں کے گرد گھومتی کہانی میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ نیر اعجاز، نظر الحسن اور احمد حسن بھی نظر آئیں گے۔
جبکہ تیسری کہانی ’گئیر اَپ‘ میں زارا نور عباس پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔ اداکارہ نے فلم کا پوسٹر بھی شیئر کیا ہے، جس میں وہ ایکشن گیئر میں دکھائی دے رہی ہیں۔
’شیروز‘ میں اُشنا شاہ، کنزہ ہاشمی اور زارا نور عباس کو 3 خودمختار کہانیوں میں یکجا کیا گیا ہے، جن کا مشترکہ موضوع خواتین کا اپنی اپنی مشکلات کا سامنا کرنا اور ان سے نبرد آزما ہونا ہے۔
یہ بھی پڑھیے تین اداکارائیں، تین الگ کہانیاں، کیا فلم ’شیروز‘ سینما میں تہلکہ مچا پائے گی؟
فلم کا مرکزی خیال ’3 خواتین، 3 دنیائیں اور 3 کہانیاں‘ ہے۔ یہ تینوں کہانیاں مکمل طور پر ایک دوسرے سے الگ اور اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں۔
فلم 18 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔













