گلگت بلتستان کے محکمہ جنگلی حیات و پارکس نے 2026-27 کی ٹرافی ہنٹنگ سیزن کے لیے 117 جانوروں کے شکار کے اجازت ناموں کی نیلامی کی، جس میں استور مارخور کا ایک اجازت نامہ سب سے زیادہ 3 لاکھ 56 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا۔
گلگت میں محکمہ جنگلات، پارکس و جنگلی حیات کے کمپلیکس میں ہونے والی نیلامی میں بڑی تعداد میں شکار کے منتظمین اور شکاریوں نے شرکت کی۔ نیلامی میں 3 استور مارخور، 14 بلیو شیپ اور 100 ہمالیائی آئی بیکس کے شکار کے اجازت نامے پیش کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان ٹرافی ہنٹنگ سیزن میں شکار بولیاں توقع سے کم، اب کیا ہوگا؟
استور مارخور کے دوسرے اجازت نامے کی بولی 3 لاکھ 1 ہزار ڈالر جبکہ تیسرے اجازت نامے کی بولی 2 لاکھ 94 ہزار ڈالر تک پہنچی۔ استور مارخور کا ایک اضافی اجازت نامہ گزشتہ شکار کے سیزن سے بھی منتقل کیا گیا تھا۔
محکمہ جنگلی حیات کے حکام کو رواں ٹرافی ہنٹنگ سیزن کے دوران 65 کروڑ روپے آمدن کی توقع ہے، شکار کا یہ سیزن 15 اکتوبر سے شروع ہوکر 10 اپریل 2027 تک جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان حکومت کا ٹرافی ہنٹنگ سیزن کے لیے بولی کے عمل کا باضابطہ اعلان
چیف کنزرویٹر پارکس اینڈ وائلڈ لائف ذاکر حسین کے مطابق بلیو شیپ کے سب سے زیادہ برآمد کے قابل اجازت نامے کی بولی 31 ہزار 200 ڈالر رہی، جبکہ کم ترین بولی 25 ہزار 100 ڈالر تھی۔
اسی طرح بہترین درجے کے ہمالیائی آئی بیکس کے برآمد کے قابل اجازت نامے کی سب سے زیادہ بولی 13 ہزار 200 ڈالر لگی، جبکہ کم ترین بولی 11 ہزار 500 ڈالر رہی۔














