وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کی اہلیہ سیلیا فلورس نے دل کی بگڑتی ہوئی بیماری کے باعث امریکی وفاقی عدالت سے اپنی حراست ختم کرکے مین ہٹن میں گھر پر نظر بند رکھنے کی درخواست کردی۔
69 سالہ سیلیا فلورس کے وکلا کے مطابق جنوری میں وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے بعد حراست میں لیے جانے کے دوران ان کی دل کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق سیلیا فلورس کو اس سے قبل دل کے وال کے ایک عارضے، مائٹرل والو پرولاپس، کے علاج کے لیے صرف ماہانہ انجیکشن کی ضرورت ہوتی تھی، تاہم اب وہ کئی ادویات استعمال کر رہی ہیں، جن میں اسپرین، اسٹیٹن، ڈلٹیا زیم اور نائٹروگلسرین شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور اہلیہ نیویارک کی عدالت میں پیش، فرد جرم عائد
وکلا کا کہنا ہے کہ بیرونی طبی ماہرین کے خیال میں سیلیا فلورس دورانِ حراست ہلکے درجے کے ہارٹ اٹیک کا بھی شکار ہوچکی ہیں۔
ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر ان کے لیے دل کا ایک طبی طریقۂ علاج تجویز کیا ہے جبکہ مزید سرجری کی ضرورت بھی پیش آسکتی ہے۔
سیلیا فلورس کے وکلا کا مؤقف ہے کہ ایسے علاج کے بعد صحت یابی کے لیے حراستی مرکز موزوں ماحول فراہم نہیں کرسکتا۔
#Mundo | Desde una cárcel en Nueva York, Cilia Flores, esposa de Nicolás Maduro, solicitó cumplir arresto domiciliario tras argumentar un deterioro significativo en su salud. Su defensa pidió el traslado a una residencia privada hasta la realización del juicio por padecer… pic.twitter.com/jsWONbTgSe
— Red+ Noticias (@RedMasNoticias) September 11, 2026
وکلا نے عدالت کو تجویز دی ہے کہ سیلیا فلورس کو مین ہٹن میں ایک رہائش گاہ منتقل کیا جائے، جہاں انہیں عدالت کی سخت نگرانی میں رکھا جائے گا۔
مجوزہ انتظام کے تحت سیلیا فلورس کی 24 گھنٹے مسلح نگرانی کی جائے گی، جبکہ ان سے ملاقات کرنے والے افراد کے لیے عدالت اور وفاقی استغاثہ سے پیشگی منظوری لینا ضروری ہوگا۔
ان کی رہائش گاہ کی ویڈیو کے ذریعے نگرانی بھی کی جائے گی اور ٹیلی فون کالز ریکارڈ کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: سابق وینزویلی صدر نکولس مادورو اور اہلیہ کے خلاف مقدمہ، امریکی عدالت جون 2027 میں سماعت پر غور کرے گی
سیلیا فلورس اور نکولس مادورو اس وقت نیویارک میں زیرحراست ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے ان کے خلاف منشیات اور ہتھیاروں سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
دونوں الزامات سے انکار کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دے چکے ہیں، دونوں کے خلاف مقدمے کی سماعت آئندہ سال جون میں مقرر ہے۔
امریکی وفاقی جج ایلون کے ہیلرسٹین نے تاحال سیلیا فلورس کی گھر میں نظر بندی کی درخواست پر فیصلہ نہیں دیا۔














