وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کی شادی کی تصاویر منظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں، صارفین کی جانب سے دلہا دلہن کے جوڑے اور شادی کی تقریب کی تصاویر بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہیں۔
ماہ نور صفدر کا معروف صنعت کار کے بیٹے اذان جبار کے ساتھ نکاح ہفتہ کو جاتی امرا میں ایک پروقار مگر محدود خاندانی تقریب میں ہوا، جس میں شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ داروں اور اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طور پر نکاح میں شرکت کے لیے جاتی امرا پہنچے، جبکہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، ماہ نور کے والد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، حسن نواز اور حسین نواز بھی تقریب میں موجود تھے۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
Nikah ceremony of Punjab Chief Minister Maryam Nawaz and Captain (retd) Muhammad Safdar’s youngest daughter, Mahnoor Safdar, with Azan Jabbar pic.twitter.com/tRcvdAwEW6
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) September 12, 2026
خاندانی ذرائع کے مطابق نکاح کی تقریب ہفتہ کی شام 5 بجے جاتی امرا میں منعقد ہوئی، جس میں سادگی کو ترجیح دی گئی اور تقریب کو انتہائی محدود رکھا گیا۔ تقریب میں صرف شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کو مدعو کیا گیا تھا۔
دلہا اذان جبار کون ہیں؟
ماہ نور صفدر کے جیون ساتھی اذان جبار کا تعلق معروف کاروباری اور تجارتی خاندان سے ہے۔ ان کے والد جبار خالد ملک کے نمایاں صنعت کار ہیں اور ان کا خاندان فلور ملز کے وسیع کاروبار سے وابستہ ہے۔

ماہ نور صفدر نے حال ہی میں لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم اور گریجویشن مکمل کی ہے۔ ان کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے مریم نواز بھی لندن گئی تھیں۔
لندن میں بیٹی کی گریجویشن کے موقع پر مریم نواز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ان کے تینوں بچوں نے اعلیٰ تعلیم مکمل کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز اور ماہ نور صفدر کی لندن سے وطن واپسی کے بعد خاندانی مشاورت سے نکاح کی تاریخ حتمی طور پر طے کی گئی تھی۔

ماہ نور صفدر کی شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ شادی کی تقریب اور دلہا دلہن کے لباس سے متعلق تصاویر اور تبصرے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نمایاں ہیں۔














