محکمہ موسمیات نے سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی بحیرہ عرب اور ملحقہ علاقوں پر ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں موسم کا بدلتا رنگ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی، سندھ میں بارش کی پیشگوئی
کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے۔
شہر میں شمال مغرب سے تقریباً 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 16 ستمبر کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔
🛑 خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، اس وقت کراچی کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 38 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کر چکا ہے مطلع صاف اور ہلکے بادل موجود ہیں جبکہ دھوپ کی شدت زیادہ ہے۔… pic.twitter.com/26ul1ig2t7
— WeatherWalay (@weatherwalay) September 13, 2026
تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈو الہٰیار، مٹیاری، شہید بینظیرآباد اور جامشورو میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔
ممکنہ بارشوں کے پیش نظر سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی ایڈوائزری جاری کردی ہے، مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیان چند ایسرانی نے پی ڈی ایم اے اور سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: موسمیاتی پیشگوئی میں انقلاب، جدید ٹیکنالوجی سے بروقت وارننگ ممکن
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لاہور کے مال روڈ، لبرٹی چوک اور ایم ایم عالم روڈ کے اطراف ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
تاہم بارش کے باوجود حبس کی شدت مکمل طور پر کم نہ ہوسکی۔ بعض علاقوں میں بارش کے بعد دھوپ بھی نکل آئی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آج سے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: موسمیاتی تغیر سے چترال کی خواتین کس طرح متاثر ہورہی ہیں؟
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔














