وزیرِاعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ، موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی ریلیف کا اعلان

اتوار 13 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِاعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث مہنگے پیٹرول کے پیشِ نظرعوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں پر 100 روپے فی لیٹر کی ’خصوصی ریلیف اسکیم‘  کا اعلان کر دیا ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ تنازعات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کا براہِ راست اثر عام آدمی پر پڑ رہا ہے۔

اس صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے غریب اور متوسط طبقے کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی، حکومت کا فیول سبسڈی پروگرام ختم کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ کے مطابق وزیراعظم نے اسکیم کا باقاعدہ اجرا  کر دیا ہے، پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کی معاشی مشکلات کا بخوبی احساس ہے اور ہم مشکل کی اس گھڑی میں اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ریلیف اسکیم کی تفصیلات اور سبسڈی کوٹہ

اس ’خصوصی ریلیف اسکیم‘ کے تحت روزمرہ سفر کرنے والے کم آمدنی والے طبقے کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول کی خریداری پر 100 روپے فی لیٹر کی نمایاں رعایت دی جائے گی۔

حکومتی اعلان کے مطابق  موٹر سائیکل اور رکشہ سمیت 2 اور 3 پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا۔ اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر اس سبسڈی کا اطلاق ہوگا۔

اسکیم کا اطلاق اور رجسٹریشن کا طریقہ کار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں اس اسکیم پرعمل درآمد آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے کر دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:پیٹرول پرسبسڈی،وفاقی حکومت کا کم آمدن افرادکے لیے بڑا اعلان

دوسری جانب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں اس کا باقاعدہ اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے بتایا کہ اس اسکیم سے مستفید ہونے کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ طریقہ کار سے متعلق عوام کو ایک وسیع آگاہی مہم کے ذریعے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے موٹر سائیکل، رکشہ اور گاڑیوں کا مصدقہ ڈیٹا فراہم کرنے پر تمام صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp