دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں بجلی کی بندش کے باعث کراچی کے کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میئر کراچی کے دفتر میں آگ کیسے لگی؟ ابتدائی تحقیقات سامنے آگئیں
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن شہر کو پانی کی فراہمی کا بنیادی ذریعہ ہے اور مسلسل بجلی کی فراہمی پر انتہائی حد تک انحصار کرتا ہے۔ بجلی کی معمولی بندش بھی فوری طور پر پانی کی سروس میں خلل کا باعث بن جاتی ہے۔
کے ڈبلیو ایس سی کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ کے الیکٹرک کے نظام میں کیبل کی خرابی کے باعث پمپنگ اسٹیشن کے متعدد مراحل کو صبح 6 بجے بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی۔
بیان میں بتایا گیا کہ بجلی کی بندش کے باعث دھابیجی میں تیسرے اور چوتھے مرحلے کے ساتھ ساتھ کے 3 پمپ ہاؤس کی فراہمی بھی معطل ہو گئی جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 21 میں سے 10 پمپس فی الحال غیر فعال ہیں۔
بیان کے مطابق ان پمپس کی بندش کی وجہ سے شہر میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔
کے ڈبلیو ایس سی حکام کے مطابق بجلی کی بحالی کے لیے کے الیکٹرک سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ادارے نے بتایا کہ دھابیجی میں بجلی بحال ہوتے ہی متاثرہ 10 پمپس فوری طور پر فعال کر دیے جائیں گے اور شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ غیر ضروری طور پر پانی کے استعمال سے گریز کریں۔
مزید پڑھیے: کراچی: پانی کے منصوبے کے لیے واٹر بورڈ کو ساڑھے 10 ارب روپے کی فراہمی کا اعلان
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا کہ پمپنگ اسٹیشن کے قریب جھاڑیوں میں لگنے والی آگ کے باعث کیبل میں خرابی پیدا ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ایک تکنیکی ٹیم موقع پر موجود ہے جو بجلی کی بحالی کے لیے کے ڈبلیو ایس سی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ 27 جولائی کو بھی دھابیجی میں خرابی کے باعث شہر کو 4 کروڑ 80 لاکھ گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا جس سے نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور اسکیم 33 کے علاقے متاثر ہوئے تھے۔
اسی ماہ اس سے قبل بھی دھابیجی میں ایک اور بجلی کی بندش نے کے 2 پمپ ہاؤس کو متاثر کیا تھا جہاں مینی فولڈ چیمبر اور مرکزی والوز میں خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں کے-2 پمپنگ اسٹیشن کے 3 اہم پمپس عارضی طور پر بند کرنا پڑے تھے۔
یکم جون کو بھی کے الیکٹرک کی مرکزی کیبل میں خرابی کے باعث ہب پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کے کئی علاقوں کو پانی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔ اس وقت کے ڈبلیو ایس سی نے بتایا تھا کہ بجلی کی بندش کے باعث شہر کو یومیہ 8 کروڑ 50 لاکھ گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ مسلسل تیسرا دن تھا جب اہم پمپنگ اسٹیشنز میں بجلی کی بندش نے شہر بھر میں پانی کی تقسیم کو متاثر کیا کیونکہ اس سے ایک روز قبل کے الیکٹرک کی مرکزی کیبل میں خرابی کے باعث نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہر کو 12 کروڑ 20 لاکھ گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مزید پڑھیںـ کراچی جو کبھی سیاحوں کے لیے پرکشش شہر ہوا کرتا تھا اب اسے تندور سے کیوں تشبیہ دی جا رہی ہے؟
اس کے علاوہ 30 مئی کو بھی دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں ایک اور ہنگامی بندش کے باعث اسٹیشن کی 21 پمپنگ یونٹس میں سے 10 کو بند کرنا پڑا تھا۔














