جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی انتظامیہ نے عمرہ زائرین سمیت بین الاقوامی مسافروں کے لیے نادرا سے منسلک ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دینے کے فیصلے پر شدید آپریشنل خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اس کی ڈیڈ لائن یکم اکتوبر تک مؤخر کرنے کی سفارش کردی ہے۔
ایئرپورٹ کے قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسرمحمد قاسم نے ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر کو ارسال کیے گئے ایک رسمی خط میں واضح کیا ہے کہ ایئرپورٹ ہیلتھ آفس کے 7 ستمبر کے اعلامیے کے مطابق 14 ستمبر سے تمام بین الاقوامی مسافروں کے لیے نادرا سے مربوط ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کی شرط لاگو ہونی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر بیرون ملک سفر پر پابندی، 14 ستمبر سے نیا ضابطہ نافذ
تاہم، اتنے بڑے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے فی الوقت صرف ایک ڈسپنسری مختص کی گئی ہے، جو مسافروں کے ہجوم کے پیش نظر انتہائی ناکافی ہے۔
آپریشنل خدشات اور انتظامی رکاوٹیں
خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی عوامی صحت کے تمام تر اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے، لیکن مناسب پیشگی اطلاع، واضح طریقہ کار، آپریشنل ہم آہنگی اور تمام متعلقہ اداروں کے مابین رابطے کے بغیر اس فیصلے کو نافذ کرنے سے ایئرپورٹ پر سنگین انتظامی بحران اور مسافروں کے لیے شدید مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
مزید پڑھیں:پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے پولیو ویکسینیشن لازمی قرار
اس سے قبل 7 ستمبر کو ہونے والے ’فنکشنل کنٹرول کمیٹی‘ کے اجلاس میں بھی تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس فیصلے پر فی الفور عمل درآمد کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خدشات سے ایئرپورٹ انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا۔
بعد ازاں، 11 ستمبر کو چیئرمین ’ایئرپورٹ آپریشنز کمیٹی‘ نے بھی ایک خط کے ذریعے ان خدشات پر دوبارہ غور کرنے اور مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھنے کی اپیل کی تھی۔
زائرین اور ایئرلائنز کے لیے مشکلات
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر ایئرپورٹ ہیلتھ سروسز سے سفارش کی گئی ہے کہ اس ڈیڈ لائن کو کم از کم یکم اکتوبر تک مؤخر کیا جائے تاکہ تمام متعلقہ فریقین مل بیٹھ کر ایک جامع اور قابلِ عمل طریقۂ کار مرتب کرسکیں۔
مزید پڑھیں: ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح،حج و عمرہ زائرین کے لیے گردن توڑ بخار کی ویکسین کا سرٹیفکیٹ لازمی، مصطفیٰ کمال
واضح رہے کہ وفاقی وزارتِ صحت کے ماتحت ایئرپورٹ ہیلتھ اتھارٹی نے صرف کراچی ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے عمرہ زائرین کے لیے پولیو کے علاوہ دیگر اضافی ویکسینز اور ان کا نادرا ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا ہے۔
یکلخت عائد کی جانے والی اس شرط کی وجہ سے نہ صرف عمرہ پر جانے والے زائرین کی ایک بڑی تعداد کی فلائٹس چھوٹنے کا خدشہ ہے بلکہ ایئرلائنز کو بھی چیک اِن اور پروسیسنگ کے دوران شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔














