دلجیت دوسانجھ لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی گلوکار بن گئے

پیر 14 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ نے لندن کے معروف ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارم کرکے تاریخ رقم کردی، وہ اس مقام پر مرکزی پرفارمنس دینے والے پہلے پنجابی گلوکار بن گئے۔

دلجیت دوسانجھ نے ہفتے کی شب اپنی اورا ورلڈ ٹور کے دوران ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارم کیا، جہاں ان کی ٹیم کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری کی گئی ایک ویڈیو کے مطابق تقریباً 90 ہزار افراد نے ان کی پرفارمنس دیکھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں پابندی کے باوجود دلجیت دوسانجھ کی فلم ’ستلج‘ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے

پرفارمنس کے دوران بھارتی گلوکار نے پاکستانی لیجنڈری گلوکار نصرت فتح علی خان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ دلجیت دوسانجھ نے نصرت فتح علی خان کی معروف قوالی ’سانسوں کی مالا پہ‘ پیش کی، جس پر شائقین نے بھرپور انداز میں گلوکار کا ساتھ دیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by TEAM DOSANJH (@teamdiljitglobal)

ویمبلی اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے موبائل فونز کی روشنیاں لہرا کر دلجیت دوسانجھ کی آواز کا ساتھ دیا۔ یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں ماضی میں مائیکل جیکسن، کوئین، میڈونا، ڈیوڈ بووی اور یو ٹو جیسے عالمی شہرت یافتہ فنکار یادگار پرفارمنس دے چکے ہیں۔

42 سالہ دلجیت دوسانجھ بنیادی طور پر پنجابی زبان میں گاتے ہیں اور انہوں نے روایتی لوک موسیقی کو جدید ہپ ہاپ کے امتزاج کے ساتھ پیش کرکے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا کنسرٹ تنازع: دلجیت دوسانجھ نے خالصتان جھنڈوں اور مداحوں کو ہراساں کرنے پر خاموشی توڑ دی

دلجیت دوسانجھ اس سے قبل بھی کئی اہم اعزازات حاصل کرچکے ہیں۔ 2023 میں وہ کوچیلا میوزک فیسٹیول میں پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بنے تھے۔

جون 2024 میں انہوں نے امریکی پروگرام ’دی ٹونائٹ شو ود جمی فیلن‘ میں پہلی بار شرکت کی، جبکہ اسی سال اکتوبر میں وہ بل بورڈ میگزین کے سرورق پر آنے والے پہلے جنوبی ایشیائی فنکار بن گئے تھے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Dhiren Grover (@dilgrover)

ویمبلی اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے موقع پر دلجیت دوسانجھ نے ’پنجابی آ گئے اوئے‘ کہہ کر شائقین کا جوش بھی بڑھایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp