لیڈی ڈیانا کی یاد میں شہزادہ ہیری کا نیا منصوبہ، بھائی سے تناؤ بڑھنے کا خدشہ

پیر 14 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی شہزادے ہیری کی اپنی مرحوم والدہ شہزادی ڈیانا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی نئی کوشش شہزادہ ولیم کے لیے شدید مایوسی کا باعث بن سکتی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری چند ہفتے قبل اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بچوں شہزادی لیلی بیٹ اور شہزادہ آرچی کے ہمراہ برطانیہ واپس آئے تھے، تاہم ان کے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم کے ساتھ تعلقات میں تناؤ بدستور برقرار ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہزادی ڈیانا کی وفات کی 30ویں برسی قریب آنے پر شہزادہ ہیری اپنی والدہ کی زندگی پر ایک منصوبہ تیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں وہ شہزادی ڈیانا کے دوستوں سے بھی رابطہ کررہے ہیں اور ان سے اپنی والدہ کے بارے میں انٹرویو دینے کے لیے آمادگی دریافت کررہے ہیں۔

شہزادی ڈیانا کے نام سے الگ شناخت کا معاملہ

شاہی امور کے مبصر رچرڈ کے نے برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 9 سال قبل شہزادی ڈیانا کی وفات کی 20ویں برسی کے موقع پر بنائی گئی دستاویزی فلموں کے دوران ہی دونوں بھائی آخری مرتبہ حقیقی معنوں میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہزادہ ولیم بھی اتنے ہی اپنی والدہ کے بیٹے ہیں جتنے شہزادہ ہیری ہیں۔ رچرڈ کے مطابق ڈیانا، اسپینسر خاندان اور اس کے نام کو شاہی خاندان سے الگ اپنی شناخت بنانے کے لیے استعمال کرنے کا معاملہ مستقبل میں مزید دیکھنے میں آسکتا ہے۔

انہوں نے جولائی میں برطانیہ آمد کے دوران شہزادہ ہیری کی ڈیانا کے خاندان کے افراد سے ملاقات کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ انہوں نے اس دوران آل تھورپ میں ڈیانا کے خاندان کے ساتھ وقت گزارا۔

30ویں برسی پر دونوں بھائی ایک ساتھ ہوں گے؟

شاہی صحافی، براڈکاسٹر اور مصنف رابرٹ جابسن نے اس معاملے پر مختلف رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائی ایک ساتھ کیسے نہیں ہوں گے؟ شہزادی ڈیانا کی وفات کی 30ویں برسی کے موقع پر کسی نہ کسی قسم کا انتظام کرنا ہوگا اور دونوں بھائیوں کو ایک ہی اسٹیج پر ہونا پڑے گا۔

واضح رہے کہ شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997 کو وفات پا گئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp