نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی پیٹرول ریلیف اسکیم پر انتظامی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر مؤثر عملدرآمد اور مستحق افراد تک ریلیف پہنچانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان اور ہر شخص کی دسترس میں رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو عوام تک اسکیم کی معلومات مؤثر انداز میں پہنچانے اور پیٹرول پمپس پر اس کے ہموار نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
نائب وزیراعظم نے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ پیٹرول ریلیف اسکیم سے متعلق معلومات عوام تک پہنچائیں اور رجسٹریشن کے عمل میں سہولت فراہم کریں۔
انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکاروں کو بھی عوامی آگاہی اور رجسٹریشن کے لیے بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم اسلام آباد میں پہلے ہی فعال ہے جبکہ اسے 16 ستمبر 2026 کی رات 11 بج کر 59 منٹ سے ملک بھر میں نافذ کردیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات، وزیر آئی ٹی، وزیر پارلیمانی امور، وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی، سیکریٹری آئی ٹی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔












