وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز اسپتال میں فائر سیفٹی سمیت نظام کی بہتری، اسے بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں تجویز کردہ قلیل مدتی اقدامات آئندہ 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پمز اسپتال کی بہتری کے لیے لائحہ عمل سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں پمز کی تحقیقاتی رپورٹ اور وزارت قومی صحت کی جانب سے اسپتال کے پرفارمنس آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ میں تجویز کردہ قلیل مدتی اقدامات پر آئندہ 3 ماہ میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ پمز اسپتال کی بہتری اور اسے بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے پمز ہسپتال میں فائر سیفٹی سمیت نظام کی بہتری، اسکی بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگی اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مجوزہ اقدامات کو آئندہ تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی.
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے لائحہ عمل پر اجلاس آج… pic.twitter.com/cqRLI0CE47
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 16, 2026
انہوں نے پمز میں فائر سیفٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے پی کے ایل آئی سے معاونت اور تجاویز لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں دی گئی تجاویز کا جائزہ لے کر ان پر بھی عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسپتال میں ادویات کی فراہمی اور سہولیات بالکل مفت فراہم کرنے کے لیے اقدامات بھی لائحہ عمل کا حصہ بنائے جائیں، جبکہ پمز کی بہتری کے لیے اچھی شہرت کی حامل افرادی قوت تعینات کی جائے۔ انہوں نے اسپتال کی بہتری کے لیے طویل مدتی اقدامات پر مبنی جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پمز اسپتال کے پرفارمنس آڈٹ میں جانچ کیے گئے اشاریوں میں قابل قبول ہدف 90 فیصد کے مقابلے میں صرف 39.7 فیصد کمپلائنس پائی گئی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پمز تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں تجویز کردہ 37 اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ قلیل، وسط اور طویل مدتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پمز کی نرس رضیہ نورین کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری
وزیراعظم نے پولی کلینک اسپتال کا آڈٹ کرکے بے ضابطگیاں دور کرنے اور اس کی تنظیم نو کا لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے سی ڈی اے کو اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے اور متعلقہ ادارے سرکاری و نجی دفاتر اور عمارتوں میں فائر سیفٹی کا آڈٹ بھی یقینی بنائیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، سید مصطفیٰ کمال، معاون خصوصی مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔













