کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پسند کی شادی کے معاملے پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ واردات کے بعد شہریوں نے ایک ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ بھی ہلاک ہوگیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعے میں عباس علی نامی شخص کو قتل کیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث 3 ملزمان میں سے ایک شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں لاپتا لڑکیوں میں سے 80 فیصد نے پسند کی شادیاں کیں، پولیس کی لاہور ہائیکورٹ کو رپورٹ
پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موٹرسائیکل پر فرار ہورہے تھے تاہم موٹرسائیکل خراب ہونے پر قریب موجود شہریوں نے انہیں پکڑ لیا۔ اس دوران ایک ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عبدالرحیم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اپنے ماموں اور ایک ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کرکے اپنے بہنوئی عباس علی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمیونیشن بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔














