وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کو دوسری شادی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔
طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ قاسم اور سلیمان کی والدہ کو شادی کی بہت بہت مبارک باد، میری نیک خواہشات اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں ۔
قاسم اور سلیمان کی والدہ کو شادی کی بہت بہت مبارک باد۔ میری نیک خواہشات اور دعائیں اُن کے ساتھ ہیں، طلال چوہدری pic.twitter.com/9n4evNpA5Q
— WE News (@WENewsPk) September 17, 2026
واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے عمران خان سے علیحدگی کے تقریباً 22 سال بعد دوسری شادی کرلی ہے۔ جمائما نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں ان کے دونوں بیٹے قاسم خان اور سلیمان خان سمیت قریبی دوست بھی شریک نظر آئے۔
52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے 62 سالہ کیمرون او ریلی سے شادی کی۔ انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شادی کی تاریخ 12 ستمبر 2026 بتاتے ہوئے اس خاص دن کو خوشیوں بھرا بنانے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے اس سے قبل 1995 میں عمران خان سے شادی کی تھی۔ دونوں تقریباً 9 سال بعد 2004 میں علیحدہ ہوگئے تھے۔ سابق جوڑے کے دو بیٹے ہیں، 29 سالہ سلیمان خان اور 27 سالہ قاسم خان۔












