نیروبی میں ورلڈ ہیلتھ ایکسپو، پاکستان پویلین کا افتتاح

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ورلڈ ہیلتھ ایکسپو 2026 کے موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستان پویلین کا افتتاح کردیا، جہاں پاکستانی ادویات، طبی آلات اور صحت کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں نے شرکت کی۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق ہائی کمیشن کے ٹریڈ ونگ نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے تعاون سے 9 پاکستانی کمپنیوں کی ایکسپو میں شرکت کو یقینی بنایا ہے۔

ان کمپنیوں کا تعلق ادویات، جراحی کے آلات، طبی خدمات اور صحت و تندرستی کے شعبوں سے ہے۔ پاکستان پویلین میں شریک کمپنیوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات عالمی خریداروں اور کاروباری نمائندوں کے سامنے پیش کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

ہائی کمیشن کا ٹریڈ ونگ شریک پاکستانی کمپنیوں کے لیے کاروباری اداروں کے درمیان ملاقاتوں کا بھی انتظام کررہا ہے تاکہ انہیں کینیا اور دیگر ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی روابط قائم کرنے میں مدد مل سکے۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستانی کمپنیوں کو کینیا کے فارمیسی اینڈ پوائزنز بورڈ میں رجسٹریشن کے عمل میں بھی معاونت فراہم کی جارہی ہے، جس کا مقصد پاکستانی مصنوعات کے لیے کینیا کی مارکیٹ تک رسائی آسان بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فارما ایکسپو: ڈریپ کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن، ادویات پر بارکوڈ کا اعلان

ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ ایکسپو میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت سے پاکستان اور کینیا کے درمیان تجارت، کاروبار اور صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp