پی کے ایل آئی راولپنڈی میں پہلی بار 3 کامیاب ٹرانسپلانٹ، گردے اور جگر کی پیوند کاری

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی: پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (پی کے ایل آئی اینڈ آر سی) راولپنڈی نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ایک گردے اور 2 جگر کے کامیاب ٹرانسپلانٹ مکمل کرلیے۔

پی کے ایل آئی راولپنڈی میں ٹرانسپلانٹ کی یہ کامیابی بالخصوص گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں کے لیے اہم پیش رفت ہے، جنہیں اب اپنے علاقوں کے نسبتاً قریب ٹرانسپلانٹ کی سہولیات میسر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’پی کے ایل آئی‘ میں امیر اور غریب کی تفریق نہیں کی جاتی، وزیراعظم شہباز شریف

چیئرمین بورڈ آف گورنرز پی کے ایل آئی اینڈ آر سی پروفیسر سعید اختر نے ٹرانسپلانٹ ٹیموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پروفیسر فیصل سعود ڈار، ڈین پی کے ایل آئی، ڈاکٹر احسان الحق، چیئرمین لیور ٹرانسپلانٹ اور ان کی ٹیم، جبکہ ڈاکٹر اسد بشیر، چیئرمین کڈنی ٹرانسپلانٹ اور ان کی ٹیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سعید اختر نے کہا ‘اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لاہور میں پہلا گردہ ٹرانسپلانٹ کرنے کے 8 سال بعد اب پی کے ایل آئی اینڈ آر سی راولپنڈی میں بھی پہلا گردہ ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔ کسی بھی ادارے کے لیے پہلا ٹرانسپلانٹ انتہائی اہم ہوتا ہے اور یہ کامیابی ٹرانسپلانٹ ٹیم کی طویل عرصے سے جاری محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔’

انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی مریضوں کو علاج کی سہولیات قابل رسائی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ پی کے ایل آئی میں تقریباً 50 فیصد مریضوں کا علاج مکمل طور پر مفت کیا جاتا ہے، جبکہ دیگر مریضوں کو بھی نمایاں رعایتی نرخوں پر علاج فراہم کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی کے ایل آئی میں جگر کی پیوندکاری کے ایک ہزار آپریشن مکمل، وزیرِ اعظم کا اظہار تشکر

انہوں نے مزید بتایا کہ پی کے ایل آئی وفات پانے والے عطیہ دہندگان سے گردوں کی پیوند کاری کی سہولت کے قیام کے لیے بھی کام کررہا ہے، جو عالمی سطح پر رائج طریقہ کار ہے۔

پروفیسر سعید اختر نے بتایا کہ پی کے ایل آئی منصوبے کی بنیاد 2016 میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکھی تھی، جسے بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کے تعاون سے آگے بڑھایا گیا۔ انہوں نے ضرورت مند مریضوں کی معاونت میں وزیراعلیٰ پنجاب ٹرانسپلانٹ فنڈ کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی کے ایل آئی زکوٰۃ اور عطیات کے ذریعے وسائل متحرک کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور اس عمل میں شفافیت اور دیانت داری کو یقینی بنایا جائے گا۔

پی کے ایل آئی راولپنڈی کی یہ کامیابی لاہور میں ادارے کے وسیع ٹرانسپلانٹ تجربے کا تسلسل ہے، جہاں اب تک 1 ہزار 350 جگر، 1 ہزار 250 گردے اور 22 بون میرو ٹرانسپلانٹس کامیابی سے کیے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خواہش ہے کہ ’پی کے ایل آئی‘ پاکستان کی پہچان بنے: شہباز شریف

یہ اہم پیش رفت پی کے ایل آئی کے اعضاء کی پیوند کاری کو فروغ دینے، خصوصی طبی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور ملک بھر کے مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp