سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئربیس پر حملہ کرکے وہاں موجود پاکستانی فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں کو نقصان پہنچایا۔
ایکس پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ حوثیوں نے ایئربیس کے ہینگرز پر 6 سے زیادہ میزائل داغے، جن کے نتیجے میں پاکستانی فضائیہ کے چینی ساختہ جے ایف 17 طیارے متاثر ہوئے۔
پوسٹ میں اس واقعے کو پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے سے بھی جوڑتے ہوئے سوال اٹھایا گیا کہ ’مکہ ڈیفنس پیکٹ کہاں ہے؟‘
وی نیوز نے اس دعوے کی حقیقیت جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔ کنگ عبدالعزیز ایئربیس پر ایسے حملے اور پاکستانی جے ایف 17 طیاروں کو نقصان پہنچنے کی کوئی تصدیق موجود نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خبر بلاجواز، بے بنیاد، مضحکہ خیز اور حقیقت سے کوسوں دور ہے۔
کچھ روز قبل حوثیوں کی جانب سے ایک ڈرون مکہ کی جانب بھیجا گیا تھا جسے سعودی دفاعی نظام نے تباہ کردیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ موجود ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ ہم سعودی عرب کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔













