وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم، تمام فعال پیٹرول پمپس کو نظام میں شامل کرنے کی ہدایت

ہفتہ 19 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے مؤثر نفاذ کے لیے ملک بھر کے تمام فعال پیٹرول پمپس کو نظام میں شامل کرنے کی ہدایت کردی۔

ہفتے کے روز نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیول سبسڈی سے متعلق قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی والوں کے لیے پیٹرول اسکیم میں بڑی تبدیلیاں،اب 2006 سے رجسٹرڈ گاڑیاں بھی شامل

اجلاس میں اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ جو پیٹرول پمپس کھلے اور فعال ہیں انہیں اسکیم کے نظام میں شامل کیا جائے، جبکہ مستقل طور پر بند پیٹرول پمپس اور صرف ڈیزل فروخت کرنے والے اسٹیشنز کی نشاندہی کرکے انہیں فہرست سے نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم کی کوریج زمینی صورتحال کے مطابق ہونی چاہیے۔

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی اکثریت اسکیم کے نظام پر فعال ہے اور شہری فیول ٹوکنز سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

اجلاس میں ان علاقوں کے پیٹرول پمپس کے لیے ایس ایم ایس کے ذریعے فیول ٹوکنز ریڈیم کرنے کی منظوری بھی دی گئی جہاں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اسٹیشنز کی رجسٹریشن کا عمل، ایسوسی ایشنز کے تحفظات اور مشکلات دور کردی گئیں، طارق فضل چوہدری

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کے لیے 9771 پر پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبوں کو ہدایت کی گئی کہ فعال پیٹرول پمپس کی فہرستیں فراہم کی جائیں تاکہ انہیں بلا تاخیر وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں شامل کیا جاسکے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ 3 روز کے دوران موصول ہونے والے تمام ادائیگی کے دعوے مکمل طور پر نمٹا دیے گئے ہیں اور ہر روز موصول ہونے والے دعوے اسی روز پراسیس کیے جارہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے صوبائی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے تعاون کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ریلیف بلا رکاوٹ مستحق افراد تک پہنچنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، پیٹرول 1.65 روپے اور ڈیزل 0.88 روپے فی لیٹر سستا

ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو فوری طور پر وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے اسکیم کے لیے رجسٹریشن کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک کے مطابق وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کم آمدنی والے شہریوں، ڈیلیوری رائیڈرز، رکشہ ڈرائیورز اور موٹر سائیکلوں و چھوٹی گاڑیوں پر انحصار کرنے والے خاندانوں کی مدد کے لیے بنائی گئی ہے۔

اسکیم کے تحت اہل موٹر سائیکل مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں انہیں ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے کی امداد ملے گی، جبکہ 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر تک پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا، جس سے انہیں ماہانہ 3 ہزار روپے تک کی امداد ملے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp