وزارت صحت کی ہدایت پر اسلام آباد کے اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزارت صحت کی جانب سے اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال کو تا حکم ثانی ہائی الرٹ رکھنے کا مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ سے قبل آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس کے لیے بڑا حکم جاری کردیا
پولی کلینک میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی ڈیوٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس کو شہر نہ چھوڑنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جب کہ پولی کلینک کے ڈاکٹر تنویر افسر کو ایمرجنسی صورتحال کےلیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
پولی کلینک کے بلڈ بینک میں 100 بیگ خون کا ذخیرہ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایمبولینسز کو ہروقت فعال اور تیار رکھنے، ادویات اور طبی سامان کا وافر ذخیرہ رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ ایک ہفتے کے دوران 4 لانگ مارچ : جڑواں شہروں کی سیکیورٹی سخت، تعلیمی ادارے و مارکٹیں بند رکھنے کا فیصلہ
مراسلے کے مطابق پولی کلینک کا شعبہ ایمرجنسی تا حکم ثانی ہائی الرٹ رہے گا اور اس میں مرد و خواتین کے لیے 20 بیڈز مختص رہیں گے۔ ایمرجنسی میں آکسیجن گیس کا وافر ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پولی کلینک آفیسر وارڈ میں ہنگامی صورتحال کے لیے2 کمرے مختص کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے خاتمے کے لیے آج سے جماعت اسلامی نے کراچی سے اسلام آباد ٹرین مارچ کا آغاز کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لانگ مارچ کا آغاز: لیوی بھتہ ختم کیا جائے، ورنہ احتجاج حکومت مخالف تحریک بنے گا، حافظ نعیم
دوسری جانب کسان اتحاد نے 25 مارچ کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی نے بھی 27 مارچ کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کیا ہوا ہے۔














