پاکستانی نژاد کاروباری شخصیت نے انگلش فٹبال کلب کا انتظام سنبھالنے کا معاہدہ کرلیا

اتوار 20 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کویتی نژاد پاکستانی کاروباری شخصیت معیز احمد مرزا اپنی بین الاقوامی تعلیمی کمپنی کے ذریعے انگلینڈ کے نان لیگ فٹبال کلب پلائی ماؤتھ پارک وے کا انتظام سنبھالنے جا رہے ہیں، جس کے بعد ان کا ہدف اگلے 10 برس کے دوران کلب کو انگلش فٹبال لیگ (ای ایف ایل) تک پہنچانا ہے۔

لندن میں پلائی ماؤتھ پارک وے فٹبال کلب کی انتظامیہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معیز احمد مرزا نے تصدیق کی کہ کلب کے ساتھ بنیادی شرائط کے معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں، جس کے بعد نئی ملکیت اور انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

کراچی میں پیدا ہونے والے اور کویت میں مقیم معیز احمد مرزا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان کا مقصد پلائی ماؤتھ پارک وے کو ایک پیشہ ور فٹبال کلب میں تبدیل کرنا ہے، تاہم کلب کی موجودہ شناخت اور مقامی برادری سے اس کے تعلق کو برقرار رکھا جائےگا۔ انہوں نے کہا، ’میرا خواب ہے کہ اگلے 10 برس میں اس کلب کو ای ایف ایل تک پہنچتے دیکھوں۔‘

ان کے مطابق آئندہ 12 سے 18 ماہ کے دوران کلب کو کل وقتی بنیادوں پر چلانے کے لیے کام کیا جائےگا، جبکہ اکیڈمی، بنیادی ڈھانچے اور اسٹیڈیم کی سہولیات میں سرمایہ کاری کی جائےگی۔

1988 میں قائم ہونے والا پلائی ماؤتھ پارک وے کلب بولیتھو پارک میں کھیلتا ہے اور اس وقت انگلش فٹبال کے ساتویں درجے، سدرن لیگ پریمیئر ڈویژن ساؤتھ میں شامل ہے۔ کلب اپنے شہر کے ہمسایہ کلب پلائی ماؤتھ آرگائل سے چار درجے نیچے ہے۔

معیز احمد مرزا نے بتایا کہ ان کی تنظیم اب تک 3 ہزار سے زیادہ بین الاقوامی طلبہ کی معاونت کرچکی ہے اور دنیا بھر کی 600 سے زیادہ جامعات کے ساتھ تعلقات قائم کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ تعلیم اور فٹبال کو یکجا کرنے کے منصوبے پر کام کررہے ہیں، جس کے تحت طلبہ کو مسابقتی فٹبال کھیلنے کے ساتھ ساتھ فٹبال کلب کے انتظام اور تجارتی امور کے بارے میں سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیاکہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں کلب کی تاریخ اور مقامی شناخت متاثر نہیں ہوگی۔

معیز احمد مرزا نے کہا، ’پلائی ماؤتھ پارک وے کے پاس پہلے ہی وہ چیزیں موجود ہیں جو پیسہ نہیں خرید سکتا: تاریخ، شناخت، پرجوش لوگ اور اپنی فٹبال ٹیم سے محبت کرنے والی برادری۔ میری ذمہ داری ان چیزوں کو ختم کرنا نہیں بلکہ ان کا تحفظ کرنا، انہیں مزید مضبوط بنانا اور لوگوں کو کلب پر فخر کرنے کی مزید وجوہات فراہم کرنا ہے۔‘

کلب کے چیئرمین مارک رسل اور نائب چیئرمین گیز بیگٹ نے کہا کہ معاہدہ کلب کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے، جس سے پلائی ماؤتھ پارک وے کو نئے بین الاقوامی شائقین اور حلقوں تک متعارف کرانے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ کلب کا پلائی ماؤتھ شہر سے تعلق برقرار رہے گا۔

معیز احمد مرزا نے بتایا کہ وہ پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کے ساتھ ممکنہ تعاون کے حوالے سے پہلے ہی بات چیت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پلائی ماؤتھ پارک وے میں ان کی ملکیت کے تحت ترقی کا عمل آگے بڑھنے کے ساتھ وہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے انگلش کلب میں انٹرن شپ، تربیت اور دیگر مواقع پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

معیز احمد مرزا نے مزید کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ کلب نئی نسل کے برطانوی پاکستانی فٹبال کھلاڑیوں کے لیے بھی ممکنہ طور پر ایک راستہ فراہم کرے، تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو انگلش فٹبال نظام میں اپنی صلاحیتیں دکھانے، تجربہ حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp