ایشین گیمز 2026: پاکستان کرکٹ ٹیم کی کراچی میں تیاریوں کا آغاز

پیر 21 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز 2026 میں مردوں کے کرکٹ مقابلوں کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا، قومی اسکواڈ پیر کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں قائم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جمع ہوا۔

کیمپ کے پہلے سیشن میں کھلاڑیوں نے کوچز مائیک ہیسن، ایشلے نوفکے اور منصور امجد کی نگرانی میں تربیت حاصل کی۔ پہلے روز فیلڈنگ کی مشقوں کے بعد نیٹ سیشن بھی ہوا، جس کے دوران کھلاڑیوں نے جاپان میں ہونے والے ٹورنامنٹ کی تیاریوں کو آگے بڑھایا۔

اسکواڈ کے پانچ کھلاڑی عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم اپنی فرنچائز سے متعلق ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پاکستان ٹیم 23 ستمبر کو صبح 10 بجے کراچی کے اوول گراؤنڈ میں ٹی20 پریکٹس میچ کھیلے گی، جبکہ 24 ستمبر کو صبح 10 بجے اسی گراؤنڈ میں میچ کی عملی صورتِ حال پر مبنی تربیتی سیشن ہوگا، جس میں کھلاڑیوں کو مختلف کھیل کے حالات کے مطابق مشق کرائی جائے گی۔ اس کے بعد 21 رکنی پاکستانی اسکواڈ 24 ستمبر کی رات 11 بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے جاپان روانہ ہوگا۔

سلمان مرزا انگوٹھے کی انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر

ایشین گیمز سے قبل پاکستان ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب فاسٹ بولر سلمان مرزا بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

مردوں کا ٹی20 مقابلہ 24 ستمبر کو ایچی پریفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں شروع ہوگا، جبکہ میڈل کے مقابلے 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے۔ گرین شرٹس اپنا پہلا کوارٹر فائنل 28 ستمبر کو نِشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف کھیلیں گے۔

ایشین گیمز کے مردوں کے کرکٹ مقابلوں میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور میزبان جاپان نے براہِ راست کوالیفائی کیا ہے، جبکہ نیپال، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور عمان نے کوالیفائنگ مرحلے کے ذریعے ایونٹ میں جگہ بنائی۔

ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ

صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان (وکٹ کیپر)۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp