بھارتی ریاست بہار کے ضلع بانکا میں واقع معروف سیاحتی مقام مندر ہِل پر ایک خاتون کو مبینہ طور پر نوجوانوں کے ایک گروپ نے تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے واقعے کے الزام میں 6 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
واقعہ 3 ستمبر کو پیش آیا، تاہم اس کی ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں چند افراد کو ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کرتے اور چپلوں سے تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’بھارت میں ہر 17 منٹ میں جنسی زیادتی کا واقعہ، کیا ہم ہر 17 منٹ میں شرمندہ ہوں؟‘
پولیس کے مطابق وائرل ویڈیو 22 ستمبر کو سوشل میڈیا سیل کے ذریعے سامنے آئی، جس کے بعد بونسی پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔
ایف آئی آر کے مطابق بونسی تھانے کے ایس ایچ او پنکج کمار جھا کے واٹس ایپ نمبر پر ویڈیو موصول ہوئی، جس کے بعد انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے ویڈیو میں دکھائی گئی جگہ کی تصدیق کی۔
6 men assaulted a woman with sticks and slippers at Mandar Parvat, in Bihar pic.twitter.com/2RjEWoRlkN
— The Indian Idiot (@theindianidiot) September 25, 2026
پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں 6 افراد کو خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر ’نامناسب رویے اور فحش حرکات‘ میں ملوث دیکھا گیا۔ پولیس نے ویڈیو میں موجود نوجوانوں اور خاتون کی شناخت کے لیے مندر ہِل کے اطراف رہنے والے مقامی افراد سے بھی پوچھ گچھ کی۔
مقامی دکانداروں نے پولیس کو بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد نوجوان دکھائی دیتے ہیں، تاہم وہ ان کی واضح طور پر شناخت نہیں کرسکے۔
بعد ازاں پولیس نے ایس ایچ او کے بیان کی بنیاد پر 6 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، پولیس نے وائرل ویڈیو کو تحقیقات میں اہم ثبوت کے طور پر شامل کیا ہے۔
مزید پڑھیں: دہلی، سوامی بابا پر جنسی ہراسانی کا الزام، جعلی سفارتی نمبر پلیٹ والی کار بھی برآمد
حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت ہونے کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
سیاحتی مقام پر پیش آنے والے اس واقعے نے وہاں سیکیورٹی کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، واضح رہے کہ بہار میں حالیہ دنوں کے دوران خواتین اور لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے مزید واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
چند روز قبل ریاست کے ضلع جموئی میں دسویں جماعت کے طالب علم لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کرنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد 3 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: سنگاپور میں جنسی کارکنوں کو لوٹنے پر 2 بھارتی سیاحوں کو قید اور کوڑوں کی سزا
ویڈیو میں کئی افراد کو دونوں طلبہ کو گھیرے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ ایک شخص لڑکے کی قمیض کا کالر پکڑ کر اسے لڑکی سے دور کرتا دکھائی دیا، لڑکی نے فرار ہونے کی کوشش کی تو ایک نقاب پوش شخص نے اسے پیچھے سے پکڑ لیا۔
اسی طرح جمعرات کو بہار کے ضلع سمستی پور میں بھی ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں موٹر سائیکلوں پر سوار 4 افراد ایک لڑکے اور لڑکی کو گھیر کر مبینہ طور پر زبانی اور جسمانی تشدد کرتے دکھائی دیے۔
پولیس نے بعد ازاں اس واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔














