کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں عدم شواہد کی بنیاد پر 7 ملزمان کو بری کردیا۔
نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ہوئی، جہاں عدالت نے شعیب شوٹر اور امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان کی بریت کا فیصلہ سنایا۔
بری ہونے والے دیگر ملزمان میں گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجا شمیم اور محسن عباس شامل ہیں۔
ملزمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گرفتار پولیس اہلکاروں کے خلاف ایک بھی گواہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ پولیس مقابلہ جعلی تھا۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران اور اہلکاروں کو پہلے ہی بری کیا جاچکا ہے۔
سرکاری وکیل کے مطابق سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 پولیس افسران و اہلکار مفرور تھے، تاہم ان ساتوں مفرور ملزمان نے انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کے بعد سرینڈر کیا تھا۔
واضح رہے کہ نقیب اللہ کو جنوری 2018 میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔ کیس میں مجموعی طور پر 25 ملزمان نامزد تھے اور اب تمام ملزمان کو بری کیا جاچکا ہے۔














