امریکا کی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی خاتون فائر فائٹر آٹمن کیلزو نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے دنیا کی کوتاہ قامت خاتون فائر فائٹر کا اعزاز حاصل کرلیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق آٹمن کیلزو کا قد 4 فٹ 10 انچ یعنی 147.32 سینٹی میٹر ہے اور انہوں نے 18 جنوری 2026 کو سینٹ پیٹ بیچ، فلوریڈا میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ وہ گزشتہ 5 برس سے سینٹ پیٹ بیچ فائر ریسکیو میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
آٹمن کیلزو نے بتایا کہ فائر فائٹر بننے سے قبل انہوں نے اپنی 20 کی دہائی کارپوریٹ شعبے میں کام کرتے ہوئے گزاری، تاہم فائر فائٹر دوستوں کے مشورے پر انہوں نے مقامی فائر ڈیپارٹمنٹ میں شمولیت اختیار کی۔
— Guinness World Records (@GWR) September 23, 2026
انہوں نے کہا کہ فائر ہاؤس میں ان کے قد کے حوالے سے مذاق کیا جاتا تھا، تاہم ایک ساتھی نے ایک روز گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ریکارڈز دیکھے تو معلوم ہوا کہ وہ اس اعزاز کے لیے اہل ہوسکتی ہیں۔ اس کے بعد پیمائش اور دیگر مراحل مکمل کیے گئے اور وہ عالمی ریکارڈ کی حامل بن گئیں۔
آٹمن کے مطابق کم قد ہونے کے باوجود وہ جلتی عمارتوں میں داخل ہونے، بھاری سامان اٹھانے اور مشکل حالات میں کام کرنے سمیت فائر فائٹر کی تمام ذمہ داریاں انجام دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض کاموں میں کم قد ان کے لیے فائدہ مند بھی ثابت ہوتا ہے، خصوصاً کھڑکی سے گزرنے یا تنگ اٹاری میں داخل ہونے کے دوران۔
یہ بھی پڑھیں:دنیا کی سب سے ’ سلم ‘ کار تیار، نہ گرنے کا ڈر نہ پارکنگ کی پریشانی، گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے تیار
انہوں نے دوسروں کو بھی مشورہ دیا کہ اپنے قد یا دوسروں کی رائے کو اپنی صلاحیتوں کی حد نہ بننے دیں۔ گنیز کے مطابق امریکا کے ونس براسکو 4 فٹ 2 انچ قد کے ساتھ مختصر ترین مرد فائر فائٹر کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔













