’آپ کی عزت‘ کا اختتام پسند آیا یا نہیں؟ ناظرین کی دلچسپ آرا سامنے آگئیں

اتوار 27 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبول پاکستانی ڈراما سیریل ’آپ کی عزت‘ کی آخری قسط نشر ہونے کے بعد ناظرین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ کچھ ناظرین نے ڈرامے کی کہانی اور اداکاری کو سراہا جبکہ بعض نے اختتام کو غیر حقیقی قرار دے کر سوالات بھی اٹھائے۔

ڈراما سیریل ’آپ کی عزت‘ عمیرہ احمد کی تحریر اور سیفی حسن کی ہدایت کاری میں بنایا گیا، جس میں احسن خان اور عروہ حسین نے مرکزی کردار ادا کیے۔ ڈرامے میں ازدواجی زندگی، اعتماد، بے وفائی اور رشتوں میں پیدا ہونے والی مشکلات کو موضوع بنایا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر کئی ناظرین نے احسن خان اور عروہ حسین کی جوڑی اور دونوں کی اداکاری کو سراہا۔ بعض صارفین نے ڈرامے کو خوبصورت اور سبق آموز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں خواتین کو درپیش مسائل اور ازدواجی زندگی کی مشکلات کو اجاگر کیا گیا۔

کچھ ناظرین نے تابش کے دوست حفیظ کے کردار کو بھی پسند کیا اور کہا کہ اس کردار نے مشکل وقت میں سچے دوست کی اہمیت واضح کی۔ متعدد صارفین نے ڈرامے کے خوشگوار اختتام پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور اسے اچھا ڈراما قرار دیا۔

دوسری جانب بعض ناظرین اختتام سے مطمئن نظر نہیں آئے۔ ایک صارف نے کہا کہ ڈرامے کا انجام حقیقت سے دور محسوس ہوتا ہے، جبکہ ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ مہر کو معافی کیوں دی گئی۔ بعض ناظرین نے بہرام اور زرمالہ کی کہانی کو بھی نامکمل قرار دیتے ہوئے ان کے انجام کو دکھانے کی خواہش ظاہر کی۔

یہ بھی پڑھیں:ماہرہ خان نے ڈراما ’مٹی دے باوے‘ کے ہدایت کار کو کیا کہا؟ بلو کے کردار سے متعلق جذباتی پیغام

ڈرامے کے دوران بھی اس کے مختلف مناظر سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنتے رہے۔ خاص طور پر بینا اور تابش کے درمیان ہونے والے ایک طویل مکالمے کو ناظرین کی جانب سے خاص توجہ ملی، جس میں ازدواجی زندگی اور مرد و عورت کے لیے مختلف رویوں پر سوال اٹھائے گئے تھے۔

ایک بھارتی ہندو صارف نے بھی ڈرامے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی ڈراموں کو پسند کرتی ہیں اور اگر کسی ڈرامے یا فلم سے اچھا اخلاقی سبق ملے تو اسے مذہب سے بالاتر ہوکر سراہنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp