پاکستان نے افغانستان میں اندرونی جھڑپوں سے متعلق الزامات مسترد کردیے

اتوار 27 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے نورستان سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کا نورستان یا افغانستان میں کسی بھی اندرونی جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔

وزارت کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کے ملوث ہونے کے دعوے من گھڑت ہیں۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سابق افغان اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت اور داعش سمیت کسی دہشتگرد گروہ کی سہولت کاری کے الزامات بھی مسترد کردیے۔

وزارت کے مطابق پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا، جبکہ الزامات کے حق میں شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد بھی فراہم نہیں کیے گئے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہاکہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش مبینہ ویڈیو پاکستان سے کسی تعلق کو ثابت نہیں کرتی۔

وزارت کے مطابق اقوام متحدہ کی مسلسل رپورٹس افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہاکہ افغان سرزمین پر سرگرم دہشتگرد گروہ پاکستان اور علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

وزارت کے مطابق دہشتگردوں کو پناہ دینے والی طالبان حکومت کا پاکستان پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام باعثِ تعجب ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہاکہ طالبان حکومت داخلی سلامتی کے مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کے بجائے دہشتگرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کرے۔

وزارت نے کہاکہ طالبان حکومت افغان سرزمین پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کا وعدہ پورا کرے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق غیر شمولیتی اور غیر نمائندہ طالبان حکومت کے ایسے جھوٹے دعوے داخلی اختلافِ رائے اور خواتین، بچوں اور اقلیتوں پر جبر سے توجہ ہٹانے کی کوششوں کے بھی عکاس ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp