ضرورت ہوئی تو پیٹرول سبسڈی اسکیم 10 ماہ تک جاری رکھی جائے گی، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک

اتوار 27 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ حکومت عوام کو معاشی راحت فراہم کرنے کے لیے پیٹرول سبسڈی اسکیم کو ضرورت پڑنے پر اگلے 10 ماہ تک جاری رکھے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عوامی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا تمام تر فائدہ بلا تاخیر صارفین تک منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی، حکومت کا فیول سبسڈی پروگرام ختم کرنے کا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مستحق گاڑیوں اور موٹر سائیکل مالکان کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کی اسکیم شروع کی ہے، جس کے تحت اب تک 6 ملین سے زائد شہری رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔

موٹر سائیکل سواروں کے لیے ریلیف اور اربوں روپے کے ماہانہ اخراجات

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 25 ملین سے زیادہ ایسی موٹر سائیکلیں موجود ہیں جو تقریباً 20 سال پرانی ہیں، لہٰذا روزمرہ نقل و حرکت کے لیے ان پر انحصار کرنے والے محنت کشوں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت اس پیٹرول سبسڈی اسکیم پر ہر ماہ تقریباً 35 ارب سے 40 ارب روپے خرچ کر رہی ہے اور اگر حالات کا تقاضا ہوا تو یہ ریلیف جنگ کے خاتمے تک بھی جاری رکھا جائے گا۔

پیٹرول پمپ مالکان کا تعاون اور خدمات کا اعتراف

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے ملک بھر کے پیٹرول پمپ مالکان کا بھی بالخصوص شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بغیر کسی اضافی فیس یا چارجز کے سبسڈی کا فائدہ عام صارفین تک پہنچانے میں بھرپور اور فعال کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں:پیٹرول پرسبسڈی،وفاقی حکومت کا کم آمدن افرادکے لیے بڑا اعلان

حکومتی اقدامات کے پس منظر میں اس سبسڈی اسکیم کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں عام بالخصوص موٹر سائیکل سوار شہریوں کے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp