بنکاک میں 300 ملی میٹر بارش، حکومت کا 2 روزہ تعطیل کا فیصلہ

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تھائی لینڈ کی کابینہ نے شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث بنکاک اور اس کے گردونواح کے تین صوبوں میں سرکاری ملازمین کے لیے 28 اور 29 ستمبر کو خصوصی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

حکومت کے مطابق خصوصی تعطیلات کا مقصد شہریوں کی آمدورفت کم کرنا اور بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک اور سفری مشکلات کو کم کرنا ہے۔

تاہم اہم سرکاری امور، جو ان تعطیلات کے دوران طے شدہ ہیں، متعلقہ اداروں کے سربراہان کی صوابدید کے مطابق جاری رکھے جاسکتے ہیں۔

تعطیلات کے اعلان سے تھائی لینڈ کی آئینی عدالت میں پیر کو ہونے والی ایک اہم مقدمے کی سماعت اور فیصلے کے اعلان کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا تھا۔

یہ مقدمہ فروری میں ہونے والے انتخابات میں استعمال کیے گئے بیلٹ پیپرز سے متعلق ہے اور اس کے ممکنہ فیصلے سے انتخابی نتائج پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔

تاہم آئینی عدالت نے واضح کیا ہے کہ فیصلے کا اعلان پیر کو طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی ہوگا۔

بنکاک میں شدید بارشوں کے باعث صورتحال اس قدر خراب ہوگئی کہ میٹروپولیٹن انتظامیہ نے ہفتے کے روز دارالحکومت کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا تھا۔

حکام کے مطابق 48 گھنٹوں کے دوران تقریباً 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں شہر کی اہم شاہراہوں پر سیلاب آگیا اور متعدد گاڑیاں جزوی طور پر پانی میں ڈوب گئیں۔

اتوار کو بارش میں کمی آنے کے بعد کئی علاقوں میں سیلابی پانی اترنے لگا، تاہم بعض رہائشی اب بھی اپنے گھروں میں محصور رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp