فیلڈ مارشل عاصم منیر سے امریکی افغان جنگ کمیشن کے وفد کی ملاقات

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی افغان جنگ کمیشن کے وفد نے شمائلا این چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن کی قیادت میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وفد افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان میں پاکستان کی معاونت، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ کمیشن کے کام سے متعلق نقطۂ نظر پر بھی گفتگو ہوئی۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے افغانستان میں تنازع کو تشکیل دینے والی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور افغانستان میں طویل جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تنازع کے تزویراتی، سفارتی اور عملی پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے علاقائی نقطۂ نظر اور پاکستان کے تجربے کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکی وفد نے افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp