آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی یوم سیاحت کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر محکمہ سیاحت اور پبلک ٹیم کے اشتراک سے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے آڈیٹوریم میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا موضوع ’ڈیجیٹل ایجنڈا اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے سیاحت کی نئی تشکیل‘ تھا۔

سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ سیاحت آزاد جموں و کشمیر راجا شاہد حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ہوٹل مالکان، ریسٹورنٹ مالکان، ٹرانسپورٹرز، سیاحت سے وابستہ افراد، کاروباری طبقے، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

آزاد کشمیر میں سیاحت کے وسیع امکانات

سیمینار کے دوران آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، ذمہ دارانہ سیاحت، ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی کی شمولیت سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مقررین نے کہاکہ آزاد کشمیر اپنی بے مثال قدرتی خوبصورتی، دلکش وادیوں، سرسبز پہاڑوں، تاریخی ورثے اور شاندار ثقافت کے باعث دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شامل ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

مقررین کے مطابق آزاد کشمیر میں سیاحت کا ایک نمایاں سفر 2014ء کے بعد شروع ہوا اور اس شعبے نے مقامی معیشت، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

امن، مہمان نوازی اور مشترکہ حکمت عملی پر زور

مقررین نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام امن پسند، مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کا خیرمقدم کرنا ہماری پہچان ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیاحت کی بحالی اور مزید فروغ کے لیے حکومت، نجی شعبہ، مقامی کمیونٹی اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹلائزیشن سے سیاحت کو فروغ دینے کی تجویز

سیمینار میں اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ عالمی سیاحتی تنظیم کی جانب سے اس سال مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹلائزیشن کو سیاحت کے فروغ کے لیے مرکزی اہمیت دی گئی ہے۔

مقررین نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیاحوں کو بروقت معلومات، آسان رہنمائی اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

اس سلسلے میں تجویز دی گئی کہ آزاد کشمیر کے اہم سیاحتی مقامات، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر سہولت مراکز پر کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کروایا جائے تاکہ سیاح اپنے موبائل فون کے ذریعے رہائش، راستوں، مقامات اور دیگر ضروری معلومات باآسانی حاصل کر سکیں۔

نوجوانوں کو سیاحت کے شعبے میں شامل کرنے پر زور

مقررین نے کہاکہ سیاحت صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے والا شعبہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل، بالخصوص پڑھے لکھے نوجوانوں کو سیاحت کے شعبے میں شامل کرکے انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ آزاد کشمیر کے سیاحتی امکانات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

ذمہ دارانہ سیاحت اور ماحولیاتی تحفظ

سیمینار میں ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دیتے وقت قدرتی ماحول، جنگلات، پانی کے ذخائر اور دیگر قدرتی وسائل کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ایسا کوئی اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے آزاد کشمیر کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کو نقصان پہنچے، بلکہ ایسی سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے جو پائیدار ترقی کی بنیاد بن سکیں۔

صفائی، معلوماتی مراکز اور تربیت یافتہ گائیڈز کی تجاویز

اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے اپنے تجربات، منصوبوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

شرکا نے ضلعی سطح پر صفائی مہمات کے انعقاد، سیاحتی مقامات پر معلوماتی مراکز کے قیام، تربیت یافتہ گائیڈز کی دستیابی اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے سمیت مختلف تجاویز پیش کیں۔

حکومت اور نجی شعبے کے تعاون سے جامع نظام کی ضرورت

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے ایسا جامع نظام تشکیل دیا جائے جس میں سیاحوں کو مکمل رہنمائی، محفوظ ماحول اور بہترین سہولیات میسر ہوں۔

انہوں نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پالیسی اور قانون سازی کی ضرورت ہے تاکہ حالات جیسے بھی ہوں، سیاحتی سرگرمیاں مسلسل جاری رہیں اور یہ شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔

نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں تعریفی اسناد تقسیم

سیمینار کے اختتام پر آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کرنے والے مختلف افراد اور اداروں کی خدمات کو سراہا گیا۔

اس موقع پر سیاحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ہوٹل مالکان، کاروباری افراد، متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

مقررین نے کہاکہ سیاحت کے فروغ میں کردار ادا کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی سے اس شعبے میں مزید بہتری اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

قدرتی حسن کو جدید انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت

سیمینار میں آزاد کشمیر کی قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ دنیا مصنوعی خوبصورتی کی طرف بڑھ رہی ہے جبکہ آزاد کشمیر قدرت کی عطا کردہ بے مثال خوبصورتی، بلند پہاڑوں، خوبصورت وادیوں، جھیلوں اور ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے۔

مقررین نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس قدرتی اثاثے کو جدید انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح آزاد کشمیر کا رخ کریں۔

اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اظہار کیاکہ حکومت، نجی شعبہ اور عوام کے اشتراک سے آزاد کشمیر میں جدید، محفوظ، ماحول دوست اور ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ خطے کے قدرتی حسن، ثقافت اور سیاحتی امکانات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp