حالات سازگار نہیں، لانگ مارچ کا فیصلہ فوری مؤخر کریں، شوکت یوسفزئی کا پی ٹی آئی قیادت کو خط

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے موجودہ حالات کے تناظر میں اسلام آباد کی جانب احتجاج اور لانگ مارچ کا فیصلہ فوری طور پر مؤخر کرنے کی اپیل کردی۔

شوکت یوسفزئی نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر پارٹی قائدین کے نام خط میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اسلام آباد کی جانب احتجاج پارٹی کے لیے درست نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے مذاکرات سے منع نہیں کیا، حکومت سنجیدہ نہیں، شوکت یوسفزئی

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور جانی نقصان سے بچنے کے لیے احتجاج کو موخر کیا جائے، جبکہ پارٹی کو مشاورت اور مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے۔

شوکت یوسفزئی نے اپنے خط میں کہا کہ عمران خان کی رہائی سمیت پارٹی کے تمام مطالبات درست ہیں، تاہم احتجاج کے نتیجے میں پارٹی پر پابندی عائد ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے موجودہ صورتحال میں حکمت عملی پر نظرثانی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2022 کے احتجاج کے دوران خود عمران خان نے بھی اسلام آباد میں مارچ ملتوی کیا تھا۔

شوکت یوسفزئی نے صلح حدیبیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے اس موقع پر نرم موقف اختیار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی اپنے 14 بچوں میں سے ایک کا نام بھول گئے، دلچسپ ویڈیو وائرل

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کے موقف پر شدید تنقید ہوگی، تاہم ان کے بقول یہ پارٹی صرف سوشل میڈیا کی نہیں بلکہ ہر شہری کی ہے اور قیادت کو وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

شوکت یوسفزئی نے خط میں یہ بھی واضح کیا کہ اگر پارٹی قیادت ان کی رائے مسترد کرتے ہوئے احتجاج کا فیصلہ برقرار رکھتی ہے تو وہ احتجاج میں شرکت کے لیے بھی حاضر ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp