خلیجی بحران کی وجہ سے دھچکا لگا ورنہ پاکستان ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہوتا، وزیراعظم

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، اگر خلیجی بحران پیدا نہ ہوا ہوتا تو پاکستان بھی دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہوتا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار منگل کو لندن اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں لندن اسٹاک ایکسچینج کی ٹریڈنگ اوپننگ کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی سفارتخانے میں پاکستان کی معیشت پر پالیسی چیلنج کا انعقاد

انہوں نے کہا کہ پاکستان خلیجی بحران سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی اور قیام امن کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

لندن اسٹاک ایکسچینج میں وزیراعظم کا استقبال

لندن اسٹاک ایکسچینج پہنچنے پر لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ شوئمر اور سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

اس موقع پر پاکستان کے 3 ارب ڈالر مالیت کے دو حصوں پر مشتمل یورو بانڈز کی فہرست میں شمولیت کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لندن اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب کا افتتاح کرنا ان کے لیے باعث مسرت اور اعزاز ہے اور یہ تقریب پاکستان کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ وہ اعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان نے اپنے معاشی اشاریوں کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے جو مستقبل کے لیے نہایت حوصلہ افزا اور امید افزا ہیں۔

3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کا اجرا معاشی بہتری کا ثبوت

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی جانب سے 3 ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز اور خودمختار قرضوں کے انتظام میں کامیابی اس امر کی واضح مثال ہے۔

ان کے مطابق یہ کامیابی حکومت کی بھرپور محنت، بنیادی نوعیت کی ساختی اصلاحات، معیشت کو ڈیجیٹل بنانے اور اسے دوبارہ درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے کیے گئے تمام ضروری اقدامات کا عملی ثبوت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر خلیجی بحران پیدا نہ ہوا ہوتا تو پاکستان بھی دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس چیلنج سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی اور قیام امن کے لیے بھی اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اسی سمت میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا، یہاں تک کہ ملک ایک محفوظ اور مستحکم مقام تک پہنچ جائے۔

عالمی مالیاتی منڈیوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے پر زور

وزیراعظم نے وزیر خزانہ، دیگر متعلقہ اقتصادی وزرا، سیکریٹریز اور حکومتی افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی معیشت کی تعمیر اور بہتری کے لیے قابل ذکر کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خلیجی بحران کے تناظر میں نئے اسباق سیکھے جائیں۔ سرمایہ کار محفوظ تر منڈیوں کا جائزہ اور تجزیہ کر رہے ہیں اور پاکستان ایک ایسی منڈی ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کو باآسانی راغب کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری انتہائی منافع بخش، باہمی طور پر فائدہ مند، محفوظ اور مستحکم ہوسکتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر خزانہ اور اقتصادی ٹیم کے دیگر اہم ارکان لندن اسٹاک ایکسچینج کے حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں سے رہنمائی اور مشورہ حاصل کرنا چاہتا ہے کہ انہیں پاکستان میں مزید فعال کردار ادا کرنے کے لیے کس طرح راغب کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ کردار صرف خودمختار قرضوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ سرمایہ کاری کے میدان میں بھی بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کی شمولیت ہونی چاہیے۔

نجکاری کے عمل میں پیشرفت

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع انتہائی پرکشش ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کے نجکاری کے مشیر نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے عمل میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ اب کئی دیگر سرکاری اداروں کو بھی نجی شعبے کے حوالے کرنے کی سمت میں پیش رفت کی جارہی ہے۔

شہباز شریف کے مطابق ان اداروں کو نجی شعبے ہی کے ذریعے چلایا جانا چاہیے اور یہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں پاکستان لندن اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ انتہائی قریبی تعاون کرسکتا ہے۔

لندن اسٹاک ایکسچینج کے سی ای او کو پاکستان کے دورے کی دعوت

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ شوئمر پاکستان کے لیے اجنبی نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان کے ہائی کمشنر سے کہا ہے کہ وہ ڈیوڈ شوئمر کو پاکستان کے دورے کی پرتپاک دعوت دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق دورے کی تاریخ طے کرسکتے ہیں اور پاکستان میں اپنی جوانی کے ایام سے وابستہ خوبصورت یادیں ایک بار پھر تازہ کرسکتے ہیں۔

مارکیٹ اوپن تقریب کی اہمیت

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی لندن اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت پاکستان اور لندن کے اہم مالیاتی اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کی مظہر قرار دی گئی ہے۔

لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ شوئمر اور گروپ کے سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

مزید پڑھیں: خطرناک سمندری علاقوں کی فہرست سے پاکستان کا نام خارج، ملکی معیشت کو کیا فائدہ ہوگا؟

لندن اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب پیٹرنوسٹر اسکوائر میں واقع اس کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوتی ہے، جس کے ذریعے لندن میں کاروباری دن کی ٹریڈنگ کا باقاعدہ آغاز ہوتا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں لندن اسٹاک ایکسچینج کی ٹریڈنگ اوپننگ کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp