کوئٹہ میں جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس کا افتتاح، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے مفت سفر کا اعلان

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں بلوچستان کی پہلی جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے میٹرو ٹرین میں سفر مکمل طور پر مفت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سروس کو مستقبل میں دو ٹرینوں تک وسعت دی جائے گی، جبکہ پشین، بوستان اور مستونگ تک توسیع کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی کے ہمراہ منگل کو کوئٹہ میں جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی اور میٹرو ٹرین کے پہلے آزمائشی سفر میں بھی شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں پارلیمانی سیکریٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، چیئرمین پاکستان ریلویز، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، اعلیٰ حکام اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

شہریوں کو محفوظ اور کم لاگت سفری سہولت کی فراہمی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کے جذبۂ خدمت کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کی شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس بلوچستان کے عوام کے لیے ایک مشترکہ اور عوامی نوعیت کا منصوبہ ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس بلوچستان میں اپنی نوعیت کی پہلی میٹرو ٹرین سروس ہے، جس کا مقصد شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور کم لاگت سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے سے عام آدمی، مزدور، طلبہ اور پیشہ ور افراد سب سے زیادہ مستفید ہوں گے۔

’چین سے درآمد کے بجائے پاکستان ریلویز سے انجن اور بوگیاں تیار کرائی گئیں‘

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ منصوبے کے حوالے سے ابتدائی طور پر چین سے انجن اور بوگیاں درآمد کرنے کی تجویز تھی، جس پر 50 سے 60 ارب روپے لاگت آنا تھی اور منصوبے کی تکمیل میں 3 سے 4 سال درکار ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی کی تجویز پر پاکستان ریلویز سے ہی نئے انجن اور بوگیاں تیار کروانے کا فیصلہ کیا گیا، جس سے نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت ہوئی بلکہ ملکی ادارے کی استعداد سے بھی استفادہ کیا گیا۔

میٹرو ٹرین سروس 2 ٹرینوں تک وسعت دینے کا فیصلہ

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس کو دو ٹرینوں تک وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ اگلے سال تک دونوں اطراف سے ٹرینیں چلائی جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ بوستان انڈسٹریل اسٹیٹ تک ریلوے ٹریک کی ترقی پر کام پہلے ہی شروع کیا جاچکا ہے، جبکہ مستقبل میں میٹرو ٹرین سروس کو پشین اور بوستان سے مستونگ تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے مفت سفر

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا کہ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس میں سفر مکمل طور پر مفت ہوگا، جبکہ دیگر شہریوں کے لیے بھی کرایے رعایتی اور عام آدمی کی استطاعت کے مطابق سبسڈائزڈ ہیں۔

انہوں نے منصوبے پر عمل درآمد اور پیش رفت میں تیزی لانے پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

منصوبے کی تکمیل میں وفاقی و صوبائی اداروں کا تعاون

میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فرنٹیئر کور بلوچستان اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان اور ریلوے ٹریک کی تکمیل میں متعلقہ اداروں کے تعاون سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگست کے دوران بعض رکاوٹوں کے باعث منصوبے میں معمولی تاخیر ہوئی، تاہم ان مشکلات پر قابو پا لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور سہولت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور صوبے کے عام آدمی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔

امن، ترقی اور خوشحالی بلوچستان کے عوام کی خواہش ہے

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جناح پیپلز میٹرو ٹرین سروس بلوچستان کے عوام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جس کا کریڈٹ بلوچستان کے عوام، بیوروکریسی، پارلیمانی نمائندگان، صوبائی کابینہ، پاکستان ریلویز اور تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون کو جاتا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، تاہم ریاست کے خلاف طاقت کے استعمال اور بندوق کے ذریعے کسی نظریے کو مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp