ہنی ٹریپ: 27 سال قبل افغانستان میں والد کے قتل کا بدلہ خاتون ڈاکٹر نے پشاور میں کیسے لیا؟

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور پولیس نے ایک افغان شہری کے قتل میں افغان لیڈی ڈاکٹر کو گرفتار کرکے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون ڈاکٹر نے مبینہ طور پر باپ اور چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے افغان شہری کو پشاور میں قتل کیا۔

پشاور پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ چند روز پہلے پشاور کے رنگ روڈ کے قریب پیش آیا تھا جہاں نامعلوم افراد نے ایک افغان شہری کو قتل کرکے اس کی لاش کو پھینک دیا تھا۔

مزید پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ : ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے مرکزی ملزم کی درخوست ضمانت مسترد

چکمنی پولیس نے ابتدائی طور پر ایس ایچ او کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کی جس میں پولیس کے مطابق مبینہ قاتلوں تک پہنچنے میں کامیابی ہوئی۔

ڈی ایس پی چمکنی سرکل نے بتایا کہ لاش کی تلاشی کے دوران موبائل اور کچھ دستاویز ملیں جس سے معلوم ہوا مقتول افغان شہری تھا اور آزاد کشمیر میں رہائش پذیر تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مقتول کے موبائل ڈیٹا سے مزید معلومات لیں جس کے ذریعے پشاور کی ایک خاتون سے رابطہ سامنے آیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مزید تفتیش کے بعد پولیس ایک خاتون تک پہنچی جو افغان تھی اور چمکنی کے علاقے میں رہائش پذیر تھی۔

’ہنی ٹرپ کے ذریعے باپ کے قاتل کو پھنسایا‘

پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے بعد پولیس نے مقتول کے اہل خانہ سے رابطہ کیا جنہیں پشاور پہنچنے پر لاش حوالے کی۔

انہوں نے بتایا کہ قتل کیس میں گرفتار خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ افغان شہری ہے اور ڈاکٹر ہے اور چمکنی میں ایک کلینک چلا رہی ہیں۔

انہوں نے پولیس کے سامنے اعترف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ باپ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اس نے یہ اقدام کیا۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون نے تفتیش کے دوران بتایا کہ ان کے باپ اور چچا، جو ان کے سسر بھی تھے۔ کو مقتول نے 27 سال قبل افغانستان کے علاقے کنڑ میں قتل کیا تھا جس کس بدلہ لیا گیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون نے اپنے خاوند کے ساتھ مل کر منصوبہ بنایا اور منصوبہ بندی سے مقتول سے رابطہ قائم کیا اور ہنی ٹریپ کا طریقہ اپنایا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمہ کی کچھ عرصے سے مقتول سے دوستی ہوئی تھی اور مقتول بار بار ملنے کا مطالبہ کررہا تھا۔ پھر ملزمہ نے مقتول کو کشمیر سے پشاور بلا لیا۔

مزید پڑھیں: پشاور: بچوں کے سامنے ماں باپ اور دادی کو پھانسی دینے اور ذبح کرنے کا واقعہ، تہرے قتل کے پیچھے کون؟

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمہ پشاور رنگ روڈ کے قریب مقتول سے ملی اور انہیں خفیہ طور پر گھر میں ملنے کا جھانسا دیا اور اس دوران ملزمہ کے ساتھیوں نے ان پر فائرنگ کردی۔

انہوں نے کہاکہ ابتدائی تفیش کے دوران پتا چلا کہ مقتول کو پرانی دشمنی کی بنا پر قتل کیا گیا اور اس میں ملزمہ کے چار ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp