ہونڈا بی آر وی کی مقامی پیداوار ختم، کمپنی نے ویب سائٹ سے بھی ماڈل ہٹادیا

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے اپنی مقبول اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل ہنڈا بی آر وی کی پیداوار بند کردی ہے، کمپنی حکام کے مطابق درحقیقت گاڑی اپنی پیداواری مدت مکمل کر چکی ہے، اسی وجہ سے اس کی پیداوار روک دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہونڈا اٹلس کو جاپان یا دیگر ممالک سے گاڑی کے پرزہ جات اور لوازمات کی خریداری میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا اٹلس کا پاکستان کی الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں فوری اینٹری سے انکار، وجہ کیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کمپنی مستقبل قریب میں بی آر وی کے متبادل کے طور پر کوئی نئی گاڑی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے یا نہیں۔ ان کے مطابق بی آر وی کی ماہانہ پیداوار تقریباً 25 سے 50 یونٹس تک محدود ہوچکی تھی۔

کمپنی نے اپنی سرکاری ویب سائٹ سے بھی بی آر وی کو ہٹا دیا ہے، جبکہ ہونڈا کی دیگر گاڑیاں ویب سائٹ پر بدستور نمایاں ہیں۔

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن یعنی پی اے ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق ہنڈا بی آر وی اور ایچ آر وی کی پیداوار اور فروخت کے اعداد و شمار مشترکہ طور پر جاری کیے جاتے ہیں۔

جولائی اور اگست کے دوران بی آر وی اور ایچ آر وی کی مجموعی پیداوار صرف 120 یونٹس جبکہ فروخت 191 یونٹس رہی، جو 2025 کے اسی عرصے میں بالترتیب 1,460 اور 731 یونٹس تھی۔

مزید پڑھیں: سالوں بعد ہونڈا نے اپنے لوگو میں لگا ’ایچ‘ تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا

پی اے ایم اے کے مطابق ہنڈا بی آر وی کی مقامی اسمبلی اپریل 2017 میں شروع ہوئی تھی، جب 648 یونٹس تیار کیے گئے جبکہ اسی ماہ 527 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔

مالی سال 2022 سے پی اے ایم اے نے ہنڈا بی آر وی  اور ایچ آر وی کی پیداوار اور فروخت کے اعداد و شمار مشترکہ طور پر جاری کرنا شروع کیے۔

پی اے ایم اے کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ چینی اور کوریائی گاڑیوں، بالخصوص ہائبرڈ، رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک اور مکمل بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کی مارکیٹ میں آمد کے بعد  بی آر اور ایچ آر وی دونوں کو خریداروں کی توجہ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ہونڈا کی پسندیدہ گاڑی خریدنا اب ہر کسی کے لیے ممکن، مگر کیسے؟

ہونڈا کے ایک ڈیلر نے بتایا کہ بی آر وی پہلے ہی ہونڈا کے شورومز سے غائب ہوچکی ہے اور خریداروں کی جانب سے اس گاڑی کی بکنگ یا فوری خریداری میں بھی زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی دے رہی تھی۔

ہونڈا کے وینڈرز نے بھی بی آر وی کی پیداوار بند کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی کی فروخت تسلی بخش نہیں رہی، جس کے باعث کمپنی کو اس کی پیداوار روکنا پڑی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp