سال رواں کے 8 ماہ میں پاکستان میں کتنے ملین موبائل فونز اسمبل ہوئے؟

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقامی اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2026 کے پہلے 8 ماہ کے دوران 18.66 ملین موبائل ہینڈ سیٹس اسمبل کیے جبکہ اسی عرصے میں کمرشل بنیادوں پر صرف 2.74 ملین فونز درآمد کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: سیکنڈ ہینڈ موبائل فون خریدنا کیوں نقصان دہ ہے؟ لاہور پولیس نے بتادیا

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اگست 2026 کے دوران ایک لاکھ 34 ہزار 501 فائیو جی موبائل ہینڈ سیٹس اسمبل کیے گئے جبکہ 2025 میں یہ تعداد 5 لاکھ 53 ہزار 79 تھی۔

مقامی مینوفیکچرنگ / اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2025 (جنوری تا دسمبر) کے دوران 30.21 ملین موبائل ہینڈ سیٹس تیار / اسمبل کیے تھے جبکہ کمرشل درآمدات 2.37 ملین رہی تھیں۔

سنہ 2026 کے 8 ماہ میں تیار ہونے والے 18.66 ملین موبائل فونز میں 8 ملین اسمارٹ فونز اور 11 ملین ٹو جی فونز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے نیٹ ورک پر 71 فیصد موبائل ڈیوائسز اسمارٹ فونز ہیں اور 29 فیصد ٹو جی فونز ہیں۔

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ (جولائی تا اگست) کے دوران پاکستان کی موبائل فون درآمدات میں 8.85 فیصد کمی ہوئی جو 300.741 ملین ڈالر سے کم ہو کر 274.129 ملین ڈالر رہ گئی۔

روپے کے لحاظ سے جولائی تا اگست 2026 کے دوران موبائل فون کی درآمدات میں 10.53 فیصد کمی ہوئی اور یہ 85.245 ارب روپے سے کم ہو کر 76.267 ارب روپے ہو گئی۔

مزید پڑھیے: پاکستان میں موبائل فون اسمبلنگ میں 102 فیصد اضافہ، حقیقی صنعتی ترقی کی علامت ہے؟

سالانہ بنیاد پر بھی اگست 2026 میں موبائل فون کی درآمدات میں 13.82 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو اگست 2025 میں 155.129 ملین ڈالر سے کم ہو کر 133.695 ملین ڈالر رہ گئی۔

ماہانہ بنیاد پر اگست 2026 میں موبائل فونز کی درآمدات جولائی 2026 کے 140.434 ملین ڈالر کے مقابلے میں 4.80 فیصد کم ہوئیں۔

اس کے برعکس اس عرصے کے دوران ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی مانگ نسبتاً مضبوط رہی جولائی تا اگست 2026 کے دوران ٹیلی کام آلات کی درآمدات 8.95 فیصد اضافے سے 395.536 ملین ڈالر سے بڑھ کر 432.044 ملین ڈالر ہو گئیں۔

روپے کے لحاظ سے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات 6.95 فیصد اضافے سے 112.398 ارب روپے سے بڑھ کر 120.211 ارب روپے ہو گئیں۔

ٹیلی کام آلات کی درآمدات میں یہ اضافہ ملک میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر میں جاری سرمایہ کاری، نیٹ ورک کی توسیع اور نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کے آغاز کی تیاریوں کے باعث ہوا۔

تاہم سالانہ بنیاد پر اگست 2026 میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات 3.42 فیصد کم ہو کر 204.263 ملین ڈالر سے 197.269 ملین ڈالر رہ گئیں۔

مزید پڑھیں: لندن میں موبائل فون اسنیچنگ کی وارداتیں: روک تھام کے لیے ایپل اور پولیس کی مشترکہ کارروائیاں

ماہانہ بنیاد پر اگست 2026 میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات جولائی 2026 کے 234.775 ملین ڈالر کے مقابلے میں 15.98 فیصد کم ہوئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp