آزاد کشمیر میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سرمایہ کاری کے فروغ، خصوصی اقتصادی زونز سمیت مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری، سیکریٹری ایس آئی ایف سی جمیل قریشی، پرنسپل سیکریٹری عدنان خورشید اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ایس آئی ایف سی کے مطابق اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں صنعتی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کو خصوصی اقتصادی زونز، سرمایہ کاری کے فروغ، ضابطہ جاتی اصلاحات اور کاروبار دوست ماحول کی تشکیل سے متعلق حکومتی ترجیحات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سرمایہ کاروں کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے، کاروباری عمل آسان بنانے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے آسان کاروبار فریم ورک کے تحت کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے کے لیے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور اصلاحاتی اقدامات پر مؤثر پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔














