کے پی حکومت غیر آئینی اقدامات سے باز رہنے کی یقین دہانی کرائے تو ایمرجنسی کی طرف نہیں جائیں گے، رانا ثنااللہ

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی لگانا پسندیدہ عمل نہیں، تاہم اگر خیبرپختونخوا حکومت وفاقی حکومت پر چڑھ دوڑے گی تو آئین میں اس کا راستہ موجود ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت اگر غیر آئینی اقدامات سے باز رہنے کی یقین دہانی کرائے تو وفاق ایمرجنسی کی طرف نہیں جائے گا، بصورت دیگر وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہوگی کہ آئینی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کی باتیں، کیا صوبائی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا؟

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبرپختونخوا میں کوئی کام نہیں کیا، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے مطابق ان کا مقصد صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی ہے۔

ان کے بقول سہیل آفریدی کہتے ہیں کہ صوبے کی بہتری کے لیے کام کرنا ان کا مینڈیٹ نہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ عمران خان کو عدالتوں سے رہائی ملے گی، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے سے نہیں۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت کا موجودہ عمل آئین اور قانون کے مطابق نہیں ہے اور اگر وہ اسی عمل پر بضد رہی تو وفاق اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرےگا۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات نہیں کررہی اور شہدا کے ساتھ اظہار ہمدردی پر بھی یقین نہیں رکھتی۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8 ماہ سے خیبرپختونخوا حکومت صرف لانگ مارچ پر ہی غور کر رہی ہے۔ اگر صوبائی حکومت آئینی طریقے سے اپنا کردار نبھائے تو سب ٹھیک ہوجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: 4 اکتوبر سے پہلے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگنے کا امکان ہے، بیرسٹر عقیل ملک

ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان مذاکرات آں ریکارڈ نہیں بلکہ آف دی ریکارڈ ہیں اور اس دوران ساری باتیں ہوتی رہی ہیں۔

رانا ثنااللہ کے مطابق آف دی ریکارڈ گفتگو کا مقصد خیبرپختونخوا حکومت کو یہ باور کرانا ہے کہ وہ خود کو غیر آئینی مہم سے علیحدہ کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp