پاکستان چین دوستی وقت کے ہر امتحان پر پوری اتری، وزیراعظم شہباز شریف

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی نے وقت کے ہر امتحان کا سامنا کیا ہے، دونوں ممالک کے دل ایک دوسرے سے جڑے ہیں اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، جبکہ پاکستان چین تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ یہ تاریخی دن عظیم چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابلِ تسخیر جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت میں چین نے انسانی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق سال 2026 پاکستان اور چین کے مشترکہ سفر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے دل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی نے وقت کے ہر امتحان، خواہ وہ زلزلے ہوں، طوفان ہوں یا سیلاب، کا سامنا کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ہماری دیرینہ دوستی اور اپنے عوام کے لیے زیادہ خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ اب ہم سی پیک کے اگلے مرحلے ’سی پیک 2.0‘ میں داخل ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے نئے مرحلے میں صنعت کاری، خصوصی اقتصادی زونز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی اور معدنیات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

انہوں نے زراعت کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار زرعی گریجویٹس کے پہلے گروپ نے چین میں اپنی تربیت مکمل کرلی ہے، جبکہ مزید ایک ہزار افراد پر مشتمل اگلا گروپ چین جانے کے لیے تیار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ان کے مستقبل میں ایک قیمتی سرمایہ کاری ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان چین تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں۔ رواں سال مئی میں صدر شی جن پنگ کے ساتھ گفتگو ہماری دیرینہ دوستی کی ایک مضبوط تجدیدِ عہد تھی۔ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والی اہم مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے پاکستان پوری طرح پُرعزم ہے۔

انہوں نے چینی زبان کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’دور دیس میں موجود مخلص دوست، دور کی سرزمین کو قریب کر دیتا ہے۔‘ وزیراعظم نے کہا کہ یہ الفاظ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور قربت کی بہترین عکاسی کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زائڈونگ نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف، وسیع عالمی وژن اور اعلیٰ سفارتی بصیرت کے باعث بین الاقوامی سطح پر بڑھتا ہوا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان نے کثیرالجہتی اور بین الاقوامی تعاون کی حمایت کی ہے اور خطے سمیت اس سے باہر امن و سلامتی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں پاکستان کے قومی مفادات کا مضبوطی سے دفاع کیا۔ جنرل اسمبلی میں بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا گیا، جسے عالمی برادری کی جانب سے سراہا گیا۔

جیانگ زائڈونگ نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کا شاندار سفر ثابت کرتا ہے کہ چین اور پاکستان ایسے دوست ہیں جنہوں نے خوشی اور غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ پاکستان اور چین ہر وقت میں بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں چین پاکستان عملی تعاون کو ہمیشہ بہت اہمیت دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp