افغان پروپیگنڈا بے نقاب نوجوان کو زندہ جلانے کی پرانی ویڈیو میکسیکو کی نکلی

جمعرات 1 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افغان خبر رساں ادارے ڈیلی کابل نیوز کی جانب سے بلوچستان میں ایف سی فورسز پر ایک بلوچ نوجوان کو درخت سے باندھ کر آگ لگانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی گئی، تاہم دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویڈیو بلوچستان کی نہیں بلکہ میکسیکو میں جرائم پیشہ گروہ سے متعلق ایک پرانی ویڈیو ہے۔

مزید پڑھیں: فیکٹ چیک : کیا اے این پی رہنما غلام احمد بلور نے سیاست ترک کردی؟

ڈیلی کابل نیوز نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’رپورٹس کے مطابق ایف سی فورسز نے ایک بلوچ نوجوان کو درخت سے باندھ کر بعد ازاں آگ لگا کر جلا دیا‘، تاہم اسی ویڈیو سے متعلق ایک پرانی سوشل میڈیا پوسٹ 25 فروری 2026 کو امریکی اکاؤنٹ (Valhalla) سے شیئر کی گئی تھی۔

25 فروری کی اس پوسٹ میں ویڈیو کو میکسیکن نیٹ ورکس اور ’سینالوآ کارٹیل‘ سے متعلق قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس میں کارٹیل کا ایک رکن اپنے حریف پر آگ بھڑکانے والا ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ پوسٹ میں ویڈیو کو امریکا میں تیار کردہ ایک مخصوص آلات سے بھی جوڑا گیا تھا۔

ڈیلی کابل نیوز کی پوسٹ کے نیچے متعدد صارفین نے بھی ویڈیو کے بلوچستان سے تعلق کو مسترد کیا۔ ایک صارف نے اسے ’بہت پرانی ویڈیو‘ قرار دیتے ہوئے میکسیکو کی مافیا سے متعلق بتایا، جبکہ دوسرے صارف نے کہا کہ ویڈیو جنوبی امریکا کے ایک ملک کی ہے اور اس میں ایک کارٹیل کے رکن کو اپنے دشمن کو آگ لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایک اور صارف نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میکسیکو کے جالیسکو نیو جنریشن کارٹیل (CJNG) سے متعلق ہے، جبکہ ایک صارف نے نشاندہی کی کہ بلوچستان میں اس نوعیت کے بارانی جنگلات موجود نہیں۔ دیگر صارفین نے بھی واضح کیا کہ ویڈیو پاکستان کی نہیں۔

مزید پڑھیں:فیکٹ چیک : نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی وائرل سیلفی کی حقیقت کیا ہے؟

اس طرح دستیاب سوشل میڈیا ریکارڈ اور صارفین کی جانب سے فراہم کردہ پرانے حوالوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیلی کابل نیوز نے اپنے ’ماسٹر‘ مودی سرکار کی ہدایت پر ایک پرانے غیر ملکی واقعے کی ویڈیو کو بلوچستان کا واقعہ قرار دے کر پروپیگنڈا کیا، جسے سوشل میڈیا صارفین نے بے نقاب کردیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp