یوٹیوب نے ڈیٹا چوری کرنے والے فین اکاؤنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا، نئی پالیسی کے تحت فین اکاؤنٹ ہولڈر اب اصل تخلیق کار کا ڈیٹا چوری کرکے اپ لوڈ نہیں کر سکے گا کیونکہ یوٹیوب نے دوسرے اکاؤنٹس سے مواد چوری کرنے والے فین اکاؤنٹس کے خلاف پالیسیوں کو مزید سخت کر دیا ہے۔
یوٹیوب نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر کی طرز پر کسی فین کی جانب سے مشہور شخصیت یا ادارے پر بنائے جانے والے اکاؤنٹس کے متعلق نئی ہدایات اور قدرے سخت شرائط عائد کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس نئی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اکاؤنٹس کو ڈیٹا اپلوڈ کرنے اور چینل بنانے کی اجازت نہیں ہوگی، نئی پالیسی 21 اگست 2023 سے لاگو ہوگی۔
کمپنی کے مطابق یوٹیوب کے پاس اداکاروں، گلوکاروں، مشہور شخصیات، اور دیگر بااثر شخصیات کے لیے لاتعداد فین اکاؤنٹس ہیں۔ ان فین اکاؤنٹس کے ذریعے، لوگ اپنی پسندیدہ مشہور شخصیات کا کاپی کردہ ڈیٹا اپلوڈ کرتے رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں
یوٹیوب کے مطابق اب فین اکاؤنٹس بنانے والے یوٹیوبر کو سختی سے کہا گیا ہے کہ واضح کیا جائے کہ یہ مشہور شخصیت کا اپنا چینل نہیں اور نہ ہی اس ادارے، شخصیت یا مشہور اداکار کا حقیقی ترجمان ہے کیونکہ فین چینل الٹی سیدھی معلومات اور ویڈیو نشرکرکے لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ خود مشہور شخصیات بھی اس سے بہت نالاں ہیں۔
یوٹیوب کی نئی پالیسی کے مطابق پلیٹ فارم چینل پر واضح کرنا ہوگا کہ اس کا نام اور دیگرتفصیلات حقیقی تخلیق کار سے تعلق نہیں رکھتی۔
اس کے علاوہ اگر وہی نام استعمال کرنا ہے تو حقیقی چینل سے معمولی تبدیلی کرنا ہوگی۔ یوٹیوب کے مطابق اس طرح اصل تخلیق کاروں کی نشاندہی اور ان کے مداحوں یا کانٹینٹ پیش کرنے والوں میں واضح فرق سامنے آسکے گا۔