نواز شریف کی وطن واپسی، شاہد خاقان عباسی کیا کہتے ہیں؟

پیر 26 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کب وطن واپس آئیں گے میں حتمی طور پرکچھ نہیں بتا سکتا مگر اُن کو انتخابات سے قبل واپس آنا چاہیے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس ملک میں نوازشریف اور عمران خان کے لیے الگ الگ قانون ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو خود ہی نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کی درستگی کردینی چاہیے تھی تاکہ قانون سازی کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کی چوری ایک عمل کا حصہ تھا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہر الاسلام نے تھا کہ آپ چھٹی پر چلے جائیں۔ ہماری تاریخ بہت تلخ ہے اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ایک ٹروتھ کمیشن بننا چاہیے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک سال میں کارکنوں کو شہ دی کی آپ جو مرضی کر لیں کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔ مائنڈ سیٹ بنا دیا گیا تھا کہ کوئی قانون نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج میں قانون توڑنے کی گنجائش نہیں ہوتی۔ فوجی افسران کو دی گئی سزائیں اگر 9 مئی کے سانحہ کی پاداش میں ہیں تو یہ سنجیدہ معاملہ ہے کیوں کہ اس کا مطلب ہے کہ فوجی افسران کے ساتھ مل کر سیاسی لوگوں نے یہ سب کچھ کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کا اوپن ٹرائل ہونا چاہیے تاکہ حقائق قوم کے سامنے آسکیں۔ جو لوگ براہِ راست ملوث نہیں صرف ایک سیاسی لیڈر کی باتوں میں آ گئے ان کے لیے معافی کا راستہ نکالنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp