ملتان میں 15 سالہ لڑکے کو گاڑی سے ٹکر مار کر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، جبکہ واقعے میں ملوث دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ملزم کو منگل کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ سعدیہ اسلم کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے تفتیش کے لیے ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا تھا، تاہم عدالت نے 3 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: چھٹی مانگنے کی سزا موت، ملتان کے 15 سالہ وسیم کے ساتھ پیش آنے والا واقعے نے معاشرے کو جھنجوڑ کر رکھ دیا
ملتان کے سٹی پولیس افسر اختر فاروق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے پر سب گہرے دکھ میں ہیں اور یتیم لڑکے کے ساتھ درندگی کی گئی۔
واقعہ ملتان کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں پیش آیا، جہاں سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک لڑکے کو گاڑی دیکھ کر سڑک پر بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق گاڑی لڑکے کا تعاقب کرتی ہے اور اسے ٹکر مار دیتی ہے، جس کے بعد لڑکا قریب واقع گھر کے گیٹ سے جا ٹکراتا ہے اور موقع پر ہی دم توڑ جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول لڑکا ملزمان کے پاس کام کرتا تھا اور الیکٹریشن کا کام سیکھ رہا تھا۔ مقدمے کے متن کے مطابق لڑکے کے کزن نے پولیس کو بتایا کہ اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور دھمکیاں بھی دی جاتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: 15 سالہ یتیم مزدور نے بات نہ مانی تو ملتان میں شہری نے گاڑی چڑھا دی، دلخراش ویڈیو وائرل
ایف آئی آر کے مطابق واقعے کے وقت 15 سالہ لڑکا ملزمان سے بچنے کے لیے بھاگ رہا تھا کہ انہوں نے گاڑی سے اس کا تعاقب کیا اور اسے ٹکر مار دی۔
واقعے کا مقدمہ ملتان کے ڈی ایچ اے تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل عمد اور مشترکہ نیت سے جرم کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں 2 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرا فرار ہے۔ پولیس نے گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے۔








