ہیری بروک کے راولپنڈی میں متعدد ریکارڈ، ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سینچری بنا ڈالی

جمعرات 22 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں متعدد ریکارڈ قائم کردیے، دھواں دار ڈبل سینچری بناکر نہ صرف پاکستان میں ون ڈے کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا بلکہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے اور گیندوں کے اعتبار سے تیز ترین ڈبل سینچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی ون ڈے سیریز: انگلینڈ کا سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا ہدف، بروک کی ڈبل سینچری

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان ون ڈے ٹرائی سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کے کپتان نے سری لنکن بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور محض 116 گیندوں پر 202 رنز کی طوفانی اننگز کھیل ڈالی۔ ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے، جس کی بدولت انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

ہیری بروک نے جنوبی افریقا کے سابق کپتان گیری کرسٹن سے چھین لیا

ہیری بروک نے پاکستان میں ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے سابق کپتان گیری کرسٹن سے چھین لیا، جنہوں نے 1996 میں راولپنڈی ہی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف 188 رنز بنائے تھے۔

شبمن گل کا ریکارڈ بھی توڑ دیا

انگلش کپتان نے اپنی ڈبل سینچری صرف 116 گیندوں پر مکمل کرکے بھارت کے شبمن گل کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، جنہوں نے 30 ستمبر 2026 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف گوہاٹی میں 117 گیندوں پر ناقابل شکست 223 رنز بنائے تھے۔ اس طرح ہیری بروک گیندوں کے اعتبار سے ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سینچری بنانے والے بیٹر بن گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے سب سے بڑا اسکور

یہی نہیں، بروک نے انگلینڈ کی جانب سے مردوں کے ون ڈے میچ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ سابق انگلش کپتان بین اسٹوکس کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 182 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

ہیری بروک ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سینچری بنانے والے کپتانوں کے محدود گروپ میں بھی شامل

27 سالہ ہیری بروک ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سینچری بنانے والے کپتانوں کے محدود گروپ میں بھی شامل ہوگئے اور وہ انگلینڈ کے پہلے کپتان بن گئے جنہوں نے اس فارمیٹ میں 200 رنز کا سنگ میل عبور کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہیری بروک کی طوفانی سینچری، انگلینڈ نے سری لنکا کو 119 رنز سے ہرا دیا

کپتانوں کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کی فہرست میں بھارت کے شبمن گل 223 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ بھارت ہی کے وریندر سہواگ نے 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 219 رنز بنائے تھے۔ روہت شرما 2017 میں سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست 208 رنز بناکر تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ہیری بروک کی 202 رنز کی اننگز چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔

انگلینڈ کے لیے کپتان کی حیثیت سے سب سے بڑے انفرادی اسکور کا ریکارڈ

انگلینڈ کے لیے کپتان کی حیثیت سے سب سے بڑے انفرادی اسکور کا ریکارڈ بھی اب ہیری بروک کے نام ہوگیا ہے۔ اس سے پہلے اینڈریو اسٹراس نے 2011 میں بھارت کے خلاف 158 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 69 رنز بناکر بروک کا ساتھ دیا، جبکہ ول جیکس نے محض 30 گیندوں پر ناقابل شکست 66 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ ٹام بینٹن نے 50 اور بین ڈکٹ نے 29 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ڈنتھ ویلالاگے نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، انگلینڈ کی ریکارڈ ساز بیٹنگ کے بعد سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 430 رنز کا ہدف ملا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مکہ معاہدے میں شرکت کے لیے کون کون سے ممالک لائن میں ہیں؟

محسن نقوی کا صدر مالدیپ اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ، پاکستانی ثقافت اور صوفی قوالی نے تقریب کو چار چاند لگا دیے

پی آئی اے کا نیا یونیفارم متعارف، معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین نے تیار کیا

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف آخری لڑائی ہوگی، 2 سے 3 ماہ میں واضح فرق نظر آئے گا، ثمر ہارون بلور

پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا، 23 اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

ویڈیو

مکہ معاہدے میں شرکت کے لیے کون کون سے ممالک لائن میں ہیں؟

مکہ دفاعی معاہدے کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا، پشاور کے شہریوں کی رائے

پاکستان میں نئے صوبوں اور بااختیار بلدیاتی نظام پر قومی بحث کی ضرورت ہے، نئے صوبوں کے قیام پر قومی مباحثہ میں شرکاء کا اظہار خیال

کالم / تجزیہ

باغ جل رہا ہے

سعودی عرب اور بنگلہ دیش: خبر، حقیقت اور فتنہ

حوثیوں کا اصل ہدف کیا ہے؟